نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کمپیٹیشن کمیشن آف پاکستان کے نئے ہیڈ آفس کی سنگ بنیاد تقریب سے خطاب میں کہا کہ بعض عناصر پاکستان کو دیوالیہ دیکھنا چاہتے ہیں، کیونکہ پاکستان کا ایٹمی طاقت ہونا ان قوتوں کو برداشت نہیں ہو رہا۔
تقریب میں وفاقی وزراء محمد اورنگزیب، اعظم نذیر تارڑ اور وزیر مملکت علی پرویز ملک نے بھی شرکت کی۔ چیئرمین کمپیٹیشن کمیشن کبیر احمد سدھو نے خطاب میں کہا کہ اپنے دفتر کی عمارت بننے سے ادارے کی استعداد میں اضافہ ہوگا اور اخراجات میں بچت ہوگی، جس سے اسپیشلائزڈ اسٹاف بھرتی کرنے اور دیگر شہروں میں دفاتر کھولنے میں مدد ملے گی۔
وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے چیئرمین سی سی پی اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دی اور کہا کہ سی سی پی مارکیٹ کو بہتر اور صارفین کو تحفظ فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ معیشت استحکام کی طرف بڑھ رہی ہے اور بیرونی سرمایہ کاروں کے لیے پاکستان میں بے شمار مواقع ہیں۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ 2018 میں پاکستان دنیا کی 24ویں بڑی معیشت تھا اور جی 20 میں شمولیت کے قریب تھا، لیکن بدقسمتی سے کچھ سازشوں کے باعث معیشت کو نقصان پہنچا۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان کو دیوالیہ کرنے کی سازشیں کرنے والوں کو پاکستان کا ایٹمی قوت ہونا ہضم نہیں ہو رہا۔ تاہم حکومت اور عوام کے تعاون سے ہم نہ صرف معاشی بحران سے نکلیں گے بلکہ پاکستان کو ترقی کی راہ پر بھی گامزن کریں گے۔