109

خیبرپختونخوا حکومت کسی ایک طبقے کیلئے نہیں سب کی ہے ٗ پرویز خٹک


پشاور ۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ تحریک انصاف جس نئے پاکستان کی تشکیل کیلئے جدوجہد میں مصروف ہے اُس سے مراد ایک ایسی اسلامی فلاحی ریاست کا قیام ہے جس میں ہر شہری کو ترقی کے مساوی مواقع میسر ہوں اسلام واحد دین ہے جس نے اقلیتوں کے حقوق کا بھر پور تحفظ کیا ہے ۔صوبائی حکومت نے اپنے منشور کے تحت نظام کی تبدیلی کیلئے ساڑھے چار سال بہترین کوشش کی ہے ۔

اگر ادارے بالکل تباہ حال نہ ہوتے تو آج ہم اپنی کوششوں میں دو قدم اور آگے ہوتے کیونکہ ہم نے زیادہ تر وقت پرانے ناکارہ سٹرکچر کو ٹھیک کرنے اور اداروں کا قبلہ درست کرنے میں صرف کیا ہے ۔ہم ایک ایسا فول پروف سسٹم دے رہے ہیں جس میں حقدار کو حق ملے لوگ میرٹ پر اہلیت کی بنیاد پر آگے آئیں ۔ قومی اداروں اور نظام کی کمزوریوں کی وجہ سے عام آدمی کو مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے کیونکہ امیر کیلئے کوئی مسئلہ نہیں ہوتا۔سابقہ ادوار میں غریب عوام کو کھوکھلے نعروں سے دھوکہ دے کر ووٹ وصول کرلیا جاتا مگر کامیاب ہونے کے بعد اُمیدوار عوام کو بھول جاتے اور عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ہوتا تحریک انصاف نے عوام کی عزت نفس اور ووٹ کے تقدس کو بحال کیا۔

غریب عوام کو تھانوں، پٹوارخانوں اور سماجی خدمات کے دیگر اداروں میں عزت دلائی۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے رسالپور میں کرسمس کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ضلع ناظم لیاقت خٹک، ایم پی اے ساجد مشوانی اور دیگر مقامی نمائندوں نے بھی تقریب میں شرکت کی ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ خیبرپختونخوا حکومت کسی ایک طبقے کیلئے نہیں بلکہ سب کیلئے ہے ۔

ہم اقلیت اور اکثریت کے تصور سے بالا تر ہر شہری کو کامیاب زندگی گزارنے کی سہولیات دینے پر یقین رکھتے ہیں۔ اُنہوں نے کہاکہ یہ ملک صرف امیروں کیلئے نہیں بنا تھا مگر بد قسمتی سے طبقاتی نظام نے مسائل پیدا کئے ۔اُنہوں نے کہاکہ تعلیم کسی بھی قوم کی ترقی کیلئے کلیدی اہمیت رکھتی ہے مگر یہاں نظام تعلیم کو مختلف طبقات میں تقسیم کرکے ظلم کیا گیا ۔طبقاتی نظام تعلیم کی وجہ سے سرمایہ دار طاقتور ہوتے گئے اور غریب آدمی غربت اور مصائب کی دلدل میں دھنستا چلا گیا۔ موجودہ صوبائی حکومت غریب کو بھی مقابلے کی دوڑ میں شامل کرنے کیلئے سرکاری سکولوں کا معیار بلند کر رہی ہے اور اس مقصد کیلئے اربوں روپے خرچ کئے جارہے ہیں۔

ہم ایک ایسا سسٹم دے رہے ہیں جس میں میرٹ کی بالادستی ہو گی قابل افراد کو آگے آنے کا موقع ملے گا۔ اگر انصاف اور میرٹ مفقود ہو تو معاشرہ بگاڑ کا شکار ہو جاتا ہے ، میرٹ نہ ہونے کی وجہ سے ہمارا اعلیٰ ترین دماغ باہر جارہا ہے ۔ ہم نے اس کو روکنا ہے کیونکہ یہ اس ملک کی ضرورت ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ وہ 36 سال اس نظام میں رہے ہیں اور اس کا بغور جائزہ لیا ہے ۔نظام کی نااہلی اور نا انصافی کی وجہ سے کوئی بھی قابل اور ذہین آدمی یہاں رکنے کو تیار نہیں تھا۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ ریاست اور حکومت کی اولین ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ شہریوں کو تعلیم ، صحت اور دیگر سماجی شعبوں میں انصاف فراہم کرے۔اس مقصد کیلئے غریب کو درپیش مسائل کا ادراک ہونا ناگزیر ہے۔اُنہوں نے کہاکہ یہاں کبھی روٹی ، کپڑا ، مکان کبھی پختون اور کبھی اسلام کے نام پر ڈرامہ ہوتا رہا ۔ واحد تحریک انصاف ہے جس نے اپنے منشور میں کئے گئے وعدوں کی تکمیل کیلئے کام کیا ہے۔

پرویز خٹک نے کہاکہ پاکستان میں وسائل کی کمی نہیں ، کمی صرف ایماندار قیادت کی تھی ۔دُنیا کی تاریخ شاہد ہے کہ ایماندار اور مخلص قیادت نے بے شمار گرتی ہوئی قوموں کو سہارا دیا اور اُنہیں ترقی کی راہ پر ڈال دیا ۔ہمیں پاکستان کو ایک پرامن خوشحال اور ترقیافتہ ملک بنانے کیلئے بطور شہری اپنا کردار ادا کرنا ہو گااور ایماندار قیادت کو آگے لانا ہوگا۔ اور ایماندار قیادت صرف عمران خان کی صورت میں ہی موجود ہے۔ 

ملک بھر کے عوام اور نوجوانوں کی نظریں تحریک انصاف پر لگی ہوئی ہے۔ انشاء اللہ 2018 کے عام انتخابات میں نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ چاروں صوبوں اور وفاق میں پی ٹی آئی حکومت بنائے گی اورعمران خان ہی اس ملک کے وزیر اعظم ہوں گے عوام باشعور ہیں وہ کسی کے سبز باغوں، دھوکوں اورمنفی پروپیگنڈوں میں نہیں آئیں گے۔ اور عوام اور پی ٹی آئی کے جنون کی طاقت سے انشاء اللہ تحریک انصاف پورے ملک میں کلین سویپ کرے گی۔تقریب میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کیک کاٹااور مسیحی برداری کو کرسمس کی مبارک باددی۔