150

شکردرہ میں آج تاریخی آبنوشی سکیم کا افتتاح 


پشاور ۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک آج اتوار کو شکردرہ کا دورہ کریں گے جہاں وہ پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں سے ملاقاتیں کریں گے اور جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی اُمور امتیاز شاہد قریشی کا کہنا ہے کہ وزیراعلی اس موقع پر پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں سے ملاقاتیں کریں گے اور خیبر پختونخوا کی تاریخ کی سب سے بڑی آبنوشی سکیم جس کی لاگت ڈیڑھ ارب روپے سے زائد ہے اس کی افتتاح کرینگے اور اس کے ساتھ ساتھ گرلز ڈگری کالج شکردرہ،بوائز ڈگری کالج شکردرہ، کیٹگری ڈی سول ہسپتال شکردرہ کی افتتاحیں بھی کرینگے اور جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔

صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ توقع ہے کہ وزیراعلی مندوری شہداء اور زخمیوں کے لیے خصوصی گرانٹ کے ساتھ ساتھ علاقے کی ترقی کے لیے ترقیاتی پیکج کا اعلان کریں گے۔اُنہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت بالخصوص وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کی مخلصانہ لیڈر شپ کی وجہ سے آج کا دن شکردرہ عوام کے لیے ایک تاریخی دن ہے جسے ہمیشہ سنہری الفاظ سے لکھا جائے گا اُنہوں نے کہا کہ اس سے قبل کسی بھی حکومت نے یہا ں کی عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم نہیں کی جبکہ پی ٹی آئی حکومت نے عوام کو سہولیات فراہمی کے لیے اربوں روپے کے پراجیکٹس کی منظوری دے کر ان کی افتتاحیں بھی کی۔

اس موقع پروزیر اعلی کے دورہ شکردرہ کے سلسلے میں صوبائی وزیر قانون نے ڈی سی کوہاٹ خالد الیاس،ایڈیشنل ایس پی جمیل اختر،اسسٹنٹ کمشنر سمیع الرحمن،ایکسئین سی اینڈ ڈبلیو فواد عباسی،ٹی ایم او محمد آمین و دیگر ڈسٹرکٹ و تحصیل ایڈمنسٹریشن کے ہمراہ تیاریوں کا جائزہ بھی لیا ۔