94

پٹواریوں نے21 روز سے جاری ہڑتال ختم کر دی

پشاور۔صو بائی حکو مت نے پٹواریوں کے مطالبات حل کر نے کی یقین دہانی کرا دی ہے جس پر پٹواریوں نے21 روز سے جاری ہڑتال ختم کر دی ہے ٗانجمن پٹواریاں و قانون گویان خیبر پختونخوا کی جانب سے جاری کئے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ انجمن کے صو بائی صدر اور سیکر ٹری جنرل ٗ ضلع پشاور کے صدر نثار خان اور دیگر ضلعی عہدیداروں نے سینیٹر فدا محمد کی سربراہی میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک سے ملاقات کی اس موقع پر وفد کو یقین دہانی کرائی گئی کہ پٹواری کو گریڈ9 سے 11 ٗ گرداور کو گریڈ11 سے 12 ٗ ٹی آر اے کو گریڈ7 سے 11 دینے پر غور کیا جائے گا۔

سٹیشنری الاؤنس ٗ بستہ الاؤنس اور پٹوار خانے کا کرایہ ادا کر نے کی بھی یقین دہانی کرائی گئی ٗجبکہ صوبائی محصولات کی وصولیابی کیلئے انتقال کی فیس پر 5 فیصد پٹواری کو دینے کا مطالبہ بھی کیا گیا جس پر ہمدر دانہ غورکر نے کی یقین دہانی کرائی گئی ٗقدرتی آفات ٗالیکشن اور پولیو مہم کے دوران اضافی ڈیوٹی کا الاؤنس دیا جائے گا۔

انجمن پٹواریاں و قانون گویان کے عہدیداروں نے اپنی ہڑتال ختم کر تے ہوئے مطالبات کے حل کی یقین دہانی پر وزیر اعلیٰ پرویز خٹک ٗ سینیٹر فدا محمد اور متعلقہ حکام کو خراج تحسین پیش کیا اور صو بائی محاصل کی وصولیابی کے سلسلے میں اپنی تمام تر کوششیں بروئے کار لانے کے عزم کا اظہار کیا ہے ۔