122

ایئرمارشل مجاہد انور نے پاک فضائیہ کی کمان سنبھال لی

اسلام آباد۔ ایئرمارشل مجاہد انور خان نے پاک فضائیہ کی کمان سنبھال لی۔سبکدوش ہونے والے ایئر چیف مارشل سہیل امان نے اپنے الوداعی خطاب میں کہا کہ پاک فضائیہ ایک مثالی ادارہ ہے، مجھے اس کے ایک ایک فرد پر فخر ہے، حالیہ برسوں میں ملکی دفاع مزید مضبوط ہوا ہے اور پاک فضائیہ نے ملکی دفاع میں ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا ہے،دنیا کی کسی فضائیہ نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں اس طرح کا کردار ادا نہیں کیا۔پیر کو اسلام آباد میں پاک فضائیہ کی کمان کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی، اس موقع پر جے ایف 17 تھنڈر طیاروں نے سبکدوش ہونے والے ایئرچیف کو سلامی دی۔اس موقع پر سبکدوش ہونے والے ریٹائرڈ ایئر چیف مارشل سہیل امان نے کہا کہ پاک فضائیہ ایک مثالی ادارہ ہے اس کے ایک ایک فرد پرفخرہے، پاک فضائیہ نے ملکی دفاع میں ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا ہے، پاک فضائیہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھی کلیدی کردار ادا کیا ہے، پاک فضائیہ میں خدمات سرانجام دینا میرے لیے اعزاز کی بات ہے، حالیہ برسوں میں ملکی دفاع مزید مضبوط ہوا ہے۔

پاک فضائیہ کوجدید تقاضوں کے مطابق لیس کیا جارہا ہے۔ دنیا کی کسی فضائیہ نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں اس طرح کا کردار ادا نہیں کیا، پاک فضائیہ نے ملک کے مختلف علاقوں میں فلاحی منصوبے شروع کر رکھے ہیں، اتحاد اور یکجہتی میں ہی ہماری کامیابی ہے۔ تقریب سے خطاب کے بعد سہیل امان نے پاک فضائیہ کی کمان ایئرچیف مارشل مجاہد انور خان کو سونپی۔ واضح رہے ائیر مارشل مجاہد انور خان سنیارٹی میں دوسرے نمبر پر تھے۔ 23 دسمبر 1962 کو جنم لینے والے ائیرمارشل مجاہد انور خان نے دسمبر 1983 میں پاکستان ائیر فورس کی جی ڈی پی برانچ میں کمیشن حاصل کیا ۔ پی اے ایف اکیڈمی سے شمشیر اعزاز، بیسٹ پائلٹ ٹرافی اور چیئر مین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی گولڈ میڈل کے حقدار قرار پائے ۔ وہ کمبیٹ کمانڈرسکول ، کمانڈ اینڈ سٹاف کالج اردن ، ائیروار کالج فیصل اورنیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد سے فارغ التحصیل ہیں ۔

اپنے شاندار کیرئیر کے دوران ، ایک فائٹرسکواڈرن ، ایک ٹیکٹیکل اٹیک ونگ ، ایف 16 کی دوائیر بیسسز کی کمانڈ کر چکے ہیں۔ائیر مارشل مجاہد انور خان اس وقت ڈپٹی چیف آف دی ائیر سٹاف(سپورٹ )اور ڈائریکٹر جنرل ائیر فورس سٹریٹیجک کمانڈ کے عہدوں پر فائز ہیں ۔ وہ اس سے پہلے چیف آف دی ائیرسٹاف کے پرسنل سٹاف آفیسر، اسسٹنٹ چیف آف دی ائیرسٹاف (آپریشنز) اور ڈائریکٹر جنرل سی فور آئی کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکیہیں ۔ ائیر مارشل مجاہد انور خان کو پاک فضائیہ میں شاندار خدمات کے اعتراف میں ہلال امتیاز(ملٹری) ، ستار امتیاز(ملٹری) اور تمغہ امتیاز(ملٹری)سے بھی نوازا گیا۔