104

دہشتگردی کیخلاف پاکستانی کوششوں کا حقائق نامہ جاری 


واشنگٹن۔ پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے دہشت گردی کیخلاف کوششوں کا حقائق نامہ جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق پاکستان نے دہشتگروں کیخلاف 13 فوجی آپریشن کیے ‘دہشتگردی کیخلاف جنگ میں 6800اہلکاروں سمیت 21 ہزار پاکستانی جاں بحق ہوئے‘دہشت گردی کے خلاف جنگ ہماری نہیں تھی بلکہ ہم پر مسلط کی گئی تھی‘دہشت گردی پاکستان اور امریکہ کی دشمن ہے۔ ہمیں اس کے خلاف مل کر لڑنا ہو گا۔

پاکستانی سفارتخانے میں آرمی پبلک اسکول کے شہدا کی یاد میں تقریب سے خطاب میں پاکستانی سفیر اعزاز چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کی قربانیوں کو تسلیم نہ کرنا باعث افسوس ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان میں استحکام کا قیام پاکستان کی ذمے داری نہیں ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ ہماری نہیں تھی بلکہ ہم پر مسلط کی گئی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ پاکستان کی جنگ بن گئی جبکہ یہ جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی تاہم دہشت گردی کا مائنڈ سیٹ ختم کرنیکی ضرورت ہے۔

پاکستانی سفیر نے بتایا کہ دنیا کے ہر ملک اور معاشرے میں کچھ انتہا پسند ہوتے ہیں جبکہ دہشت گردی پاکستان اور امریکہ کی دشمن ہے۔ ہمیں اس کے خلاف مل کر لڑنا ہو گا۔