288

جماعت اسلامی نے نگراں وزیراعظم کیلئے ڈاکٹر عبدالقدیر کا نام تجویز کردیا

کرک ۔امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے نگراں وزیراعظم کے لیے پاکستان کے نامور ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا نام تجویز کر تے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹر عبدالقدیر کی پاکستان کے لیے بے پناہ خدمات ہیں،مشرف نے امریکی دبا ؤ پر ڈاکٹر قدیر پر پابندیاں لگا ئیں ،جماعت اسلامی ملک میں چین کی طرح اصلاحات کی مدد سے کرپشن کا خاتمہ کرے گی۔ 

اتوار کو کرک کے علاقے تخت نصرتی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ نگراں وزیراعظم کے لیے سیاسی جماعتوں میں مشورے ہو رہے ہیں اور میں نگراں وزیراعظم کے لیے ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر کا نام تجویز کرتا ہوں۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر کی پاکستان کے لیے بے پناہ خدمات ہیں لیکن پرویز مشرف نے امریکی دبا ؤ پر ڈاکٹر قدیر پر پابندیاں لگا دی تھیں۔

سراج الحق نے کہا کہ اسلامی انقلاب لا کر نوجوانوں کو روزگار فراہم کریں گے اور بنیادی ضروریات پر عوام کو سبسڈی دی جائے گی، صوبائی وقومی اسمبلی کے ممبران کی خرید وفروخت ہو رہی ہے لیکن جماعت اسلامی ملک میں چین کی طرح اصلاحات کی مدد سے کرپشن کا خاتمہ کرے گی۔