137

خیبرپختونخوا میں انسٹی ٹیوٹ آف پٹرولیم ٹیکنالوجی کے قیام کا منصوبہ 

اسلام آباد۔وفاقی حکومت کی جانب سے خیبرپختونخوا میں انسٹی ٹیوٹ آف پٹرولیم ٹیکنالوجی کے قیام ، مہمند ڈیم اور دیا میر بھاشا ڈیم منصوبے کو فنڈز کی منظوری کے لیے آئندہ ہفتے سینٹرل ڈیویلپمنٹ ورکنگ کمیٹی میں پیش کیا جائے گا، حکومت اپریل تک مہمند ڈیم کا سنگ بنیاد رکھ دے گی، اسی طرح 1کھرب 23ارب 81کروڑ روپے لاگت کا دیا میر بھا شا ڈیم کے فنڈز کی منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے سینٹرل ڈیولپمنٹ ورکنگ کمیٹی کا اجلاس آئندہ ہفتے بلا لیا گیا ہے، اجلاس میں اربوں روپے مالیت کے 33منصوبے منظوری کے لیے پیش کیے جائیں گے، ان منصوبوں میں بجلی کی پیداوار کے سلسلے میں اہمیت کا حامل منصوبہ مہمند ڈیم ہائیڈ رو پاور منصوبہ شامل ہے جس کی پیداواری صلاحیت 800 میگاواٹ ہو گی اور منصوبے پر مجمو عی طور پر 1کھرب 95 ارب 91کروڑ روپے لاگت کا تخمینہ ہے ۔

وفاقی حکومت اپریل تک مہمند ڈیم کا سنگ بنیاد رکھ دے گی، اسی طرح 1کھرب 23ارب 81کروڑ روپے لاگت کا دیا میر بھا شا ڈیم بھی اجلاس میں فنڈز کی منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا، دیامیر بھاشا ہائیڈ رو پاور پراجیکٹ 4500 میگاواٹ بجلی کی پیداواری صلاحیت کا منصوبہ ہے، ان دونوں ڈیموں کی تعمیر سے پاکستان کو توانائی بحران پر قابوپانے میں کافی حد تک مدد مل سکتی ہے ۔

اسی طرح سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں سمندری پانی سے کٹاؤ اور سمندری سطح میں اضافے کی مانیٹرنگ اور اس کو روکنے کے لیے 65کروڑ روپے لاگت کا منصوبہ بھی آئندہ اجلاس میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا، 13کروڑ 81لاکھ روپے لاگت سے وزیر اعظم اسکیم کے تحت یونیورسٹی کے طلبا کو الیکٹرک ویل چیئرز کی فراہمی کا منصوبہ بھی پیش کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ اجلاس میں 5ارب 3کروڑ 99 لاکھ روپے کی لاگت سے گوادر میں ریلو ے کوریڈور کے لیے لینڈ ایکوزیشن کا منصوبہ، 2 ارب 69کروڑ 61 لاکھ روپے لاگت سے نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایئرپورٹ سکیورٹی فورس کے لیے رہائش گاہوں کی تعمیر۔

16ارب 42کروڑ 78لاکھ روپے لاگت سے پشاور موڑ سے نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ تک انفرااسٹرکچر اور الائیڈ ورکس کی تعمیرکا منصوبہ، نیشنل کالج آف آرٹس لاہور میں انفرااسٹرکچر فیسلیٹی کی اپ گریڈیشن، ڈسٹرکٹ کرک خیبرپختونخوا میں انسٹی ٹیوٹ آف پٹرولیم ٹیکنالوجی کے قیام، گلگت میں میڈیکل کالج کے قیام، نوشہروفیروز میں فروٹ اینڈ ویجی ٹیبل پروسیسنگ سینٹر کے قیام، چین پاکستان اکنامک کوریڈور انڈسٹریل کوآپریشن ڈیولپمنٹ پروجیکٹ، پی ٹی وی کے کیمرے اور پروڈکشن آلات کی ماڈرنائزیشن سمیت 33منصوبے منظوری کے لیے پیش کیے جائیں گے واضح رہے کہ دیا میر بھا شا ڈیم پہلے ہی تاخیر کا شکار ہے حکومت کے مطابق منصوبے کی زمین خریداری کاکام مکمل کرلیا ہے جبکہ چین کی جانب سے منصوبے پر معاملات حل نہ ہونے پر حلومت نے خود ہی اپنے خرچے پر منصوبہ تعمیر کریگا۔