253

باریوں کی سیاست کا دور ختم ہوچکا ہے ٗ پرویز خٹک

نوشہرہ۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ 2018 کے انتخابات کے لیے ایک بار پھر وہ دینی اور سیاسی جماعتیں میدان میں اتر آئی ہیں جنھوں نے غریب عوام کو پختون اسلام ، روٹی کپڑ ا مکان اور قائد اعظم کے پاکستان پر دھوکہ دیا اور درحقیقت ان چوروں اور لیٹروں نے غریب سے روٹی کپڑا مکان سب کچھ چھین لیا اورا قتدار میں آکر اپنی ذاتی تجوریاں بھرتے رہے اور پیسہ بیرون ملک منتقل کرتے رہے۔ 

اب باریوں کی سیاست کا دور ختم ہوچکا ہے۔ استاد ،پٹواری، ڈاکٹر اور سپاہی پر سیاست نہیں چلے گی۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف نے چوری کی اس پر چوری ثابت ہوگئی اور اب گرفتار ہونے جارہے ہیں۔ اب وہ پھر کہیں گے کہ مجھے کیوں گرفتار کیاگیا۔ اس ملک کے غریب عوام کی تقدیر میں ہمیشہ ہمیشہ کے لیے غربت افلاس اوربے روزگاری نہیں لکھی گئی اس ملک کو ایماندار قیادت کی ضرورت ہے جو عمران خان کی صورت میں ہمارے پاس موجود ہے وہی اس ملک کے آئندہ وزیر اعظم ہوں گے۔

چاروں صوبوں اور وفاق میں حکومت بنائیں گے ۔ عوام باشعور ہوچکے ہیں ان سیاسی شعبدہ بازوں کے دھوکے میں نہیں آئیں گے۔ پاکستان ایک زبردست ملک ہے ، جس میں کسی چیز کی کمی نہیں ، ترقی کی راہ میں واحد رکاوٹ کرپٹ سسٹم ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوشہرہ کینٹ ،محب بانڈہ اور سپین کانے میں جلسوں جبکہ حکیم آباد میں سینئر وکلاء میں لائف ٹائم اچیومنٹ سر ٹیفکیٹس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ 

محب بانڈہ سے ناظم ویلج کونسل عمران خان، بختیار خان، ایاز خان، شوکت خان، قیصر خان ،جان عالم اور نوشہرہ کینٹ میں عبدالحلیم صدر نان بائی ایسوسی ایشن، راجہ سعید ساتھیوں سمیت کامران قریشی ،ریاض، شہریار، سمیت درجنوں افراد نے اے این پی سے مستعفی ہوکر اپنے خاندان اور ساتھیوں سمیت پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔ 

اس موقع پر صوبائی وزیر میاں جمشید الدین کاکا خیل، ایم این اے ڈاکٹر عمران خٹک، ضلع ناظم لیاقت خٹک، ملک آفتاب احمد خان اور دیگر مقامی رہنماؤں نے جلسوں سے جبکہ ڈسٹرکٹ بار نوشہرہ کے صدر سید سجا د علی شاہ نے وکلاء کی تقریب سے خطاب کیا۔ پرویز خٹک نے سینئر وکلاء کی خدما ت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اُنہیں مبارکباد دی ۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ وکیل ایک بڑا مرتبہ اور عہدہ ہوتا ہے وہ وکلاء خوش قسمت ہیں جن کو اﷲ نے غریب عوام کو انصاف کی فراہمی کیلئے منتخب کیا اور وکلاء نے بھی ایمانداری سے اپنے فرائض انجام دیئے ۔ پرویز خٹک نے کہا کہ میں ان سیاست دانوں سے پوچھتا ہو کہ وہ پانچ سال تک کہاں تھے الیکشن ہارنے کے بعد انھوں نے عوام کا سامنا تک نہیں کیا۔ 

ہماری سیاست کامحور عوام ہیں اور ہم سال کے بارہ مہینے عوام کے ساتھ رہتے ہیں۔ پرویز خٹک نے کہا کہ قوم کا مستقبل گلی نالی کی تعمیر سے نہیں بلکہ شفاف سسٹم سے وابستہ ہے ۔ ترقی اور خوشحالی کیلئے کسی لمبی چوڑی سائنس کی ضرورت نہیں بلکہ پوری دُنیا کا آزمودہ اور انتہائی سادہ فارمولہ ہے کہ اگر ہم ترقی اور خوشحالی کیلئے مخلص ہیں تو اس کرپٹ سسٹم کو اُکھاڑ پھینکنا ہوگا اور اس کی جگہ ایسا نظام لانا ہو گا جس میں حقدار کو حق کی فراہمی ، آئین اور قانون کی بالادستی ہو یہی تحریک انصاف کا مشن ہے ۔ 

اگر کسی نے روٹی ، کپڑا، مکان، اسلام ، پختون یا پاکستان کا نعرہ لگایا بھی ہے تو اُس کے پیچھے بھی سیاستدانوں کا اپنا مفاد تھا۔ دُنیا کے ساتھ مقابلے میں جانے کیلئے ہمیں بھی اپنی ترجیحات کو بدلنا ہو گا اور ایماندار قیادت کو آگے لانا ہو گاکیونکہ یہی واحد راستہ ہے تو ہمیں اپنے پاؤں پر کھڑا کر سکتا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف صوبائی حکومت کی کارکردگی اور تبدیلی کیلئے کی گئی کاوشوں کی بدولت دوبارہ اقتدار میں آئے گی اور خیبرپختونخوا میں جس مضبوط سسٹم کی بنیادیں رکھ دی ہیں۔

اس کو مزید بہتر کرے گی اور نئے پاکستان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرکے دم لے گی ۔ پاکستان تحریک انصاف کا مقابلہ ممکن ہی نہیں کیونکہ یہ باشعور نوجوانوں کی جماعت ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ مفاد پرست سیاستدان تحریک انصاف کی مقبولیت سے خوفزدہ ہیں اور بوکھلاہٹ کا شکار ہیں ۔