259

تحریک انصاف کا ملک گیر انتخابی مہم شروع کرنیکا اعلان 

اسلام آباد۔پاکستان تحریک انصاف نے 29اپریل سے ملک گیر انتخابی مہم شروع کرنے کا اعلان کر دیا ،انتخابی مہم لاہور میں جلسہ عام کے انعقاد سے شروع کی جائے گی، پی ٹی آئی کور گروپ نے سینٹ میں قائد حزب اختلاف کیلئے اعظم سواتی متفقہ طور پر نامزدکر دیا ہے جبکہ پی آئی اے اور اسٹیل مل کی نجکاری کے حوالے سے حکومتی بیانات پر گہری تشویش کااظہار کر تے ہوئے ڈاکٹر عارف علوی کو پی آئی اے اور سٹیل ملز یونینز سے فوری رابطے کی ہدایت بھی کی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے گروپ کا اجلاس جمعہ کو چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت بنی گالا میں منعقدہوا،اجلاس میں آئندہ انتخابات کیلئے ملک گیر انتخابی مہم کے آغاز کا فیصلہ کر لیا گیا ، ترجمان تحریک انصاف نے کہا ہے 29اپریل کو لاہور میں عظیم الشان جلسہ عام منعقد کیاجائے، لاہور کے جلسے سے ملک گیر انتخابی مہم شروع کی جائے گی، عمران خان لاہور کے جلسے میں انتخابی مہم کے حوالے سے لائحہ عمل کا اعلان کرینگے، سینٹ میں قائد حزب اختلاف تحریک انصاف کا حق ہے، 22مارچ تک نو منتخب سینٹرز کو اپنی جماعتی وابستگی واضح کرنا ہے، اجلاس میں رکنیت سازی مہم کی کامیابی اور عوام میں مقبولیت پر اطمینان کا اظہارکیا گیا ہے ۔

مرکزی قائدین کو رکنیت سازی کیلئے ریجنز کے دوروں کی ہدایت کی گئی ہے ،ترجمان نے کہا کہ پی آئی اے اور اسٹیل مل جیسے اداروں کی نجکاری کسی طور قبول نہیں، نون لیگ اپنی مدت حکومت مکمل کرنے پر توجہ دے، اسٹیل مل اور پی آئی اے سمیت قومی اداروں کی نجکاری اہم معاملہ ہے ، آئندہ مینڈیٹ لے کہ آنے والی حکومت کیلئے یہ ایجنڈا چھوڑنا چاہیے، مرکزی حکومت کی طرح پنجاب حکومت بھی کرپشن میں بری طرح لت پت ہے ، تحریک انصاف کا اینٹی کرپشن سیل پنجاب حکومت کے منصوبوں میں کرپشن کے بڑے بڑے اسکینڈلز کی نشاندہی کرے گا،دستاویز اور شواہد کے ساتھ پنجاب کے وسائل پر مارے جانے والا ڈاکہ قوم کے سامنے لائینگے۔