137

وزیر اعلیٰ کا ریپڈ بس منصوبے کے تعمیراتی کاموں کا معائنہ

پشاور ۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے زیر تعمیر ریپڈ بس ٹرانزٹ منصوبے کے پیکجI کا اچانک دور ہ کیا اور مختلف مقامات پر تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا۔صوبائی وزراء شاہ فرمان، میاں جمشید الدین کاکا خیل، وزیراعلیٰ کے مشیر برائے ماحولیات اشتیاق ارمڑ اور دیگر متعلقہ حکام بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔وزیراعلیٰ نے منصوبے کے پیکج I چمکنی اور جی ٹی روڈ پشاور پر مختلف ترقیاتی و تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ کو تعمیر اتی کام کی پیش رفت، معیار اور دیگر پہلوؤں پر بریفینگ بھی دی گئی وزیراعلیٰ نے ریپڈ بس ٹرانزٹ منصوبے کی تعمیر ٹائم لائن کے اندر ہر صورت میں مکمل کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ یہ عوامی فلاح کا ایک منفرد اور بہترین منصوبہ ہے جو پشاور میں شہریوں کو درپیش ٹریفک کے مسائل کا کل وقتی حل ہو گا۔انہوں نے ہدایت کی کہ منصوبے کی تیز رفتار تکمیل یقینی بنائی جائے اور تعمیر کے دوران کوشش کی جائے کہ عوام الناس کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔

پشاور میں ٹریفک کے مسائل کو سامنے رکھتے ہوئے منصوبے کی تکمیل میں معمولی سی تاخیرکی بھی گنجائش نہیں۔ انہوں نے مزید واضح کیا کہ منصوبے کی تیز رفتار تکمیل کے ساتھ ساتھ اس کے معیار کو بھی یقینی بنانا ناگزیر ہے۔دستیاب وسائل کو عوام کی فلاح و بہبود کیلئے بہترین اور شفاف طریقے سے بروئے کار لانا اور ترقیاتی سکیموں کی معیاری تکمیل صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔