304

پشاور میں کیمیکل ملا د ودھ بیچنے والا گروہ بے نقاب 

پشاور۔محکمہ خوراک نے پشاور میں انڈین کیمیکل سے دودھ اوردہی بنانے والے گروہ کو بے نقاب کرتے ہوئے ایک شخص کو گرفتار کرلیا جبکہ دکان سے 400 کلو گرام مضر صحت کیمیکل تحویل میں لیکر دکان کوسیل کر دیا گیا ڈائریکٹر فوڈ نثار احمد اور راشننگ کنٹرولر آفتاب عمر کی ہدایت پر اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر تسبیح اللہ نے چھاپہ مار ٹیم کے ہمراہ گزشتہ روز نشتر آباد میں واقع شیر فروش کی دکان کا معائنہ کیا۔

تسبیح اللہ کے مطابق دوران معائنہ دکان میں درجنوں پیکٹ انڈین پاؤڈ کے موجود تھے شیر فروش مضر صحت کیمیکل کے ذریعے دودھ اور دہی تیار کرتا تھا جسے وہ عام لوگوں پر فروخت کرتا تھا اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر کے مطابق شیر فروش نیاز محمد کو گرفتار کرکے متعلقہ تھانے منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ ملزم سے تفتیش کے دوران مزید سنسنی خیز انکشافات کا امکان ہے ۔