208

نمکمنڈی میں کار پارکنگ پلازہ کا پی سی ون تیار

پشاور۔نمکمنڈی میں کثیر المنزلہ کار پارکنگ پلازہ کیلئے پی سی ون تیار کرلیا ‘ آئندہ ہفتے اخبارات میں ٹینڈر جاری کرنے کی ہدایت کردی گئی‘10 منزلہ پارکنگ پلازہ میں 100 دکانیں اور 400 کے قریب گاڑیاں پارک کرنے کی گنجائش ہوگی ‘ضلع ناظم پشاورمحمدعاصم خان کی زیر صدارت گزشتہ روز اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈائریکٹر کوارڈنیشن صاحبزادہ محمدطارق ‘ ڈسٹرکٹ پلاننگ آفیسر امیر خان‘ فنانس آفیسر عالمزیب خان‘ اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ریاض احمد‘ ڈسٹرکٹ ممبران مبشر منظور ‘ شمس الباری ‘لیاقت خان اورپی ڈی اے کے اعلی حکام نے شرکت کی اجلاس میں ضلع ناظم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایاگیاکہ پارکنگ پلازہ کیلئے پی سی ون تیار ہوچکا ہے۔


جس کے تحت دس منزلہ پارکنگ پلازہ میں دو منزل تہہ خانے جسکے پہلے چار فلور پر دکانیں تعمیر ہونگی جبکہ 6 منزلوں پر کارپارکنگ کی سہولت میسرہوگی ‘دو تہہ خانوں اور اوپر پہلی اوردوسر ی منزل پر سو دکانیں تعمیر ہوگی جبکہ بقیہ 6منزلوں میں 4 سو کے قریب گاڑیاں پارک کرنے کی گنجائش ہوگی منصوبے پر 32 کروڑ روپے کی لاگت آئیگی ‘پارکنگ پلازہ میں جدید لفٹ سسٹم لگایا جائیگا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ضلع ناظم پشاورمحمدعاصم خان پی سی ون کی تیاری پر ا طمینان کا اظہار کرتے ہوئے اگلے ہفتے اخبارات میں ٹینڈر جاری کرنے کے احکامات جاری کئے اس ضمن میں ضلع ناظم پشاورمحمدعاصم خان کا کہناتھا کہ پارکنگ پلازہ آزمائشی بنیادوں پر بنایا جارہاہے جس کی کامیابی کے بعد ضلع کے دیگر گنجان آباد علاقوں میں بھی پارکنگ پلازے تعمیر کئے جائینگے تاکہ ٹریفک کی روانی کو بہتر بنایا جاسکیں ‘انہوں نے پارکنگ پلازہ کی تعمیر کی براہ راست نگرانی کا اعلان کرتے ہوئے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ طلب کرلی۔