296

خیبر پختونخوا حکومت کا بلین ٹریز سونامی تحقیقات کا خیر مقدم

پشاور۔خیبر پختونخوا حکومت نے نیب کی طرف سے بلین ٹریز سونامی پراجیکٹ کے معاملات کی تحقیقات کے فیصلہ کاخیر مقدم کرتے ہوئے واضح کیاہے کہ اس سلسلہ میں پورا تعاون کیا جائے گا حکومتی ذرائع کے مطابق اس منصوبہ کی شفافیت کی گواہی عالمی ادارے دے چکے ہیں جبکہ یہ منصوبہ نہ صرف صوبہ بلکہ پورے ملک کے لیے فخر کاباعث ہے یہ ملک کا واحد منصوبہ ہے جو اپنی لاگت سے کئی ارب روپے کم میں مکمل کیا گیا اس کے تحت لگائے گئے ۔

پودوں کی تمام تفصیلات مکمل طورپردستیاب ہیں جبکہ کسی کو کوئی شک ہوتو کئی بار ا س پیشکش کااعادہ کرچکے ہیں کہ کسی بھی سائٹ کاوزٹ کرایا جاسکتا ہے حکومتی ذرائع کے مطابق بے بنیاد الزام تراشی کرنے والوں کو شرمندگی کے سوا کچھ حاصل نہ ہوگا اس سلسلہ میں صوبائی وزیر جنگلات اشتیاق ارمڑ نے رابطہ پر بتایاکہ نیب کے فیصلے پرہمیں خوشی ہوئی ہے کیونکہ اس طرح تمام حقائق اس قومی ادارے کے ذریعہ بھی سامنے آجائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ مٹھی بھرعناصر بدنیتی اور مخصو ص ایجنڈے کے تحت اس منصوبہ کو متنازعہ بنانے کی ناکام کوشش کررہے ہیں مگر ان کو اس باربھی منہ کی کھانی پڑے گی ہمارا دامن مکمل طورپرصاف اور منصوبہ پوری طرح شفاف ہے اس لیے ہم نیب کی تحقیقا ت کاخیر مقدم کرتے ہیں۔