114

بی آر ٹی کے متبادل راستوں سے رکاوٹیں ہٹانے کا حکم

پشاور ۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ ملک شاہ محمد نے پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ اور پشاورڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے متعلقہ حکام کو بی آر ٹی کی تعمیر کے باعث لوگوں کی آمد و رفت کے مسائل اور متبادل راستوں پر سے تعمیراتی میٹریل سمیت کسی بھی دیگر رکاوٹ کو فوری طور پر دور کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔جمعہ کے روز لیڈی ریڈنگ ہسپتال کی انتظامیہ کی جانب سے ایل آر ایچ سٹاف کالونی کو جانے والے راستوں پر سے بی آر ٹی کے تعمیراتی میٹریل اور کنکریٹ بلاکس کو ہٹانے کے لئے وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی کو درخواست موصول ہوئی ۔

جس پر انہوں نے فوری نوٹس لیتے ہوئے بی آر ٹی کے فوکل پرسن خورشید خان اور دیگر متعلقہ حکام کو 24گھنٹوں کے اندر تمام رکاوٹیں دور کرنے کی ہدایت کی۔بی آر ٹی کے فوکل پرسن نے فوری طور پر ایل آر ایچ سٹاف کالونی کا دورہ کیا اور وہاں موجود رکاوٹوں کو ہٹانے کے امر کی خود نگرانی کی اور اس سلسلے میں معاون خصوصی کو رپورٹ بھی پیش کی۔ملک شاہ محمد وزیر نے حکام کو ہدایت کی کہ بی آر ٹی پراجیکٹ کے لئے لائے جانے والے تعمیراتی میٹریل کو مناسب جگہ پر رکھا جائے تاکہ عام لوگوں کو کسی بھی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے ہسپتالوں اور تعلیمی اداروں کو جانے والے راستوں پر بلا تعطل آمدو رفت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے پی ڈی اے کے حکام کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ بی آر ٹی منصوبے سے متصل سڑکوں پر گرد و غبار کے خاتمے کیلئے مسلسل پانی کے چھڑکاؤ کو یقینی بنانے کے علاوہ سڑکوں کی فوری کارپٹنگ اور رات کے اوقات آمدو رفت کے لئے روشنی کا مناسب بندوبست کرنے کے بھی فوری اقدامات اٹھائے جائیں۔معاون خصوصی نے کہا کہ بی آر ٹی منصوبہ عوام کی سہولت کے لئے بنایاجارہا ہے لیکن اس کی تعمیر کے باعث لوگوں کو کسی بھی قسم کی تکلیف سے بچانے اور شہریوں کی بلا تکلیف آمدو رفت کو یقینی بنانے کے لئے بھی تمام تر اقدامات اٹھانے کی وہ خود نگرانی کر رہے ہیں۔