331

خیبر پختونخوا میں تعلیم کی روشنی پھیلانا ترجیحات ہیں ٗ اسد قیصر

پشاورسپیکر خیبرپختونخوااسمبلی اسدقیصر نے کہاہے کہ صوابی سمیت پورے خیبرپختونخوامیں تعلیم کی روشنی پھیلانا ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے قائد اعظم پبلک سکول وکالج صوابی کا شمار صوبے کی لیڈنگ درس گاہوں میں ہو تا ہے ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار قائد اعظم پبلک سکول وکالج صوابی میں تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔تقریب سے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویزخٹک نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مذکور ہ تعلیمی ادارہ صوابی میں کوالٹی تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کررہاہے ۔

سپیکر نے کہا کہ انہوں نے مذکورہ تعلیمی ادارے کا سنگ بنیاد 1990میں اپنے ہاتھوں سے رکھا تھا ۔یہ آج ایک تنا وردرخت بن کر علم کی روشنی پھیلانے میں پیش پیش ہے صوابی کی اکثریت مڈل کلاس سے تعلق رکھتی ہے اور ان کا زیادہ تر انحصار روزگار کے حصول پر ہوتا ہے ۔لہٰذا لوگوں کو بہترین تعلیمی مواقع اور ماحول فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے منتخب ہونے کے بعد صوابی میں تعلیمی ادارے کے قیام پر خصوصی توجہ دی ۔

گجوخان میڈیکل کالج اور خواتین کا لج کے قیام کے بعد تقریباًبارہ ہائیر سیکنڈری سکولوں کا قیام عمل میں لایا گیا جن میں سے دس زنانہ سکول ہیں۔اسی طرح پانچ ڈگری کالجز تعمیر کئے ۔جبکہ موضع کوٹھا میں ایجوکیشن کمپلیکس تعمیر کیا جارہا ہے جس سے عوام کو ایک چھت کے تلے مختلف تعلیمی اداروں تک رسائی ممکن ہو جائے گی۔انہوں نے کہا کہ صوابی میں نبی کے مقام پر پی اے ایف کیڈٹ کالج کمپلیکس کا قیام عمل لایا جارہا ہے ۔جوطلباء وطالبات او روالدین کیلئے ایک بہترین تحفہ ہے ۔مذکورہ کمپلیکس کے باعث علاقہ کے نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیمی مواقع ان کی دہلیز پرمیسر ہوں گے ۔