213

بھارت میں پاکستانی سفارت کاروں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ جاری

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں پاکستانی سفارتکاروں اور ان کے اہل خانہ کو بھارتی ایجنسیوں کی جانب سے ہراساں کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔سفارتی ذرائع کے مطابق بھارتی وزرات خارجہ میں شکایت کے باوجود نئی دہلی میں پاکستانی سفارت کاروں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی وزارت خارجہ اپنی ایجنسیوں کو لگام دینے میں ناکام ہوگئی ہے اور آج پھر پاکستانی سفارت کار کے بچوں کی گاڑی کو روک کر ہراساں کیا گیا۔

سفارتی ذرائع نے بتایا کہ ایک دوسرے واقعے میں نئی دہلی میں تعینات سینیئر سفارت کار کی گاڑی کو روکا گیا جس کے بعد روکنے والی گاڑی سے ایک شخص نے اتر کر سفارت کار کی تصاویر بھی بنائیں۔پاکستانی ہائی کمیشن نے معاملہ ایک بار پھر بھارتی وزارت خارجہ کے ساتھ اٹھا دیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ کئی روز سے بھارتی ایجنسیوں کی جانب سے نئی دہلی میں تعینات پاکستانی سفارت کاروں اور ان کے اہل خانہ کو ہراساں کرنے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔