102

سی پیک منصوبوں کا درآمدی سامان ٹیکس سے مستثنیٰ قرار


اسلام آباد۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے نیشنل ہائی وے کے منصوبوں کے درآمدی سامان کو ٹیکس سے مستثنیٰ کی منظوری دیدی‘ استثنیٰ سکھر ملتان موٹر وے منصوبے کے لئے حاصل ہوگا‘ سرکاری یونیورسٹیوں کو انکم ٹیکس آرڈیننس کی شق 113 سے استثنیٰ کی تجویز کی منظوری دی گئی۔ جمعہ کو وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں نیشنل ہائی وے کے منصوبوں کے درآمدی سامان کو ٹیکس سے مستثنیٰ کرنے کی منظوری دی گئی۔ سی پیک کے تحت این ایچ اے کے منصوبوں میں سامان پر ٹیکس میں استثنیٰ ہوگا۔

استثنیٰ سکھر ملتان موٹر وے منصوبے کے لئے حاصل ہوگا۔ سٹیٹ بنک کو انفراسٹرکچر منصوبوں کے لئے جاری فنڈز کی ری لینڈنگ سے استثنیٰ کی منظوری دی گئی۔ گندم کی برآمد کے لئے وزارت خوراک کی تجویز کی منظوری دی گئی۔ حکومت پنجاب پندرہ لاکھ ٹن جبکہ سندھ پانچ لاکھ ٹن گندم برآمد کرسکے گا۔ گندم اور اس کی مصنوعات کی برآمد 30جون 2018 تک مکمل کی جائے گی۔ سرکاری یونیورسٹیوں کو انکم ٹیکس آردیننس کی شق 113 سے استثنیٰ کی تجویز کی منظوری دی گئی۔

ایف بی آر کی تجویز پر بعض اشیاء پر ریگولیٹری ڈیوٹی میں کمی کی تجویز دی گئی خصوصی حکومتی معاہدے رکھنے والی کمپنیوں کو انکم ٹیکس آرڈیننس سے استثنیٰ کی منظوری دی گئی۔ شوگر ملز سے تین لاکھ میٹرک ٹن فالتو چینی کی خریداری کی منظوری دی گئی۔ اس اقدام سے ملز گنے کے کاشتکاروں سے مجوزہ نرخوں پر گنا خرید سکیں گی۔ اس اقدام سے کسانوں کو بروقت ادائیگی یقینی بنائی جاسکے گی۔ خیبرپختونخوا کے پن جلی واجبات کی ادائیگی کے لئے واپڈا کو فنانسنگ بڑھانے کی منظوری دی گئی۔