177

منشیات اسمگلنگ کیس‘ پی آئی اے کا ایک اور اہلکار گرفتار

راولپنڈی۔ فرانسیسی حکام نے منشیات اسمگلنگ کیس میں پی آئی اے کے پورے عملے سے تفتیش کے دوران ایک اور اہلکار کو گرفتار کرلیا ۔تفصیلات کے مطابق فرانسیسی کسٹمز حکام نے منشیات برآمدگی کیس میں پیرس کے ہوٹل میں موجود پی آئی اے اسٹاف سے تفتیش کی جس کے دوران فرانسیسی حکام نے پی آئی اے کے ایک اور فلائٹ اسٹیورڈ کو ہوٹل سے گرفتار کرلیا۔

گرفتار فضائی میزبان کا نام محمد عامر معین علیزئی ہے جس کا تعلق لاہور سے ہے۔ پی آئی اے کی پرواز پی کے749 کے پیرس سے وطن واپس آنے والے اسٹاف کی فہرست سے ملزم عامر کا نام نکال دیا گیا ہے۔گزشتہ روز اسلام آباد سے فرانس کے دارالحکومت پیرس پہنچنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے749 کے فلائٹ اسٹیورڈ تنویر گلزار کو منشیات برآمد ہونے پر فرنچ پولیس نے گرفتار کرلیا تھا۔ ملزم سے چار کلو ہیروئین برآمد ہوئی تھی۔