112

سعودیہ میں پاکستانیوں پر پھر بائیومیٹرک تصدیق لازم

اسلام آباد ۔ سعودی عرب جانے والے تما م پاکستانیوں کیلئے آئندہ سال ، یکم جنوری ،2018 ء سے بائیومیٹرک تصدیق لازمی ہوگی، سعودی سفارتخانے نے متعلقہ کمپنی کو اس سلسلے میں تمام انتظامات مکمل کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستان سے سعودیہ جانے والے عمرہ زائرین اور دیگر افراد کیلئے جنوری 2018ء سے بائیومیٹرک نظام لازمی کردیا گیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں سعودی سفارت خانے نے متعلقہ کمپنی ’’اعتماد‘‘ کو ملک میں اپنے تمام سنٹرز کو فعال کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں، تاکہ عمرہ زائرین اپنے قریبی سنٹر میں جاکر بائیومیٹرک کی تصدیق کرواسکیں۔ یہ اقدام پاکستان سمیت دیگر ممالک سے سعودی عرب کا سفر کرنے والے تمام افراد کی سہولت اور سعودی شہریوں کی حفاظت کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

معتبر ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی سفارتخانہ کسی تنظیم کے مطالبات کے مطابق اپنے قوانین تبدیل نہیں کرے گا، بلکہ دیگر شہریوں کو سعودی قوانین کے مطابق عمل کرنا ہوگا۔ بائیومیٹر ک نظام سعودی حکومت کے قوانین کے مطابق لازم قراردیا گیا تاکہ دیگرممالک سے آنے والے شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جاسکیں۔ اس سلسلے میں ’’اعتماد ‘‘ کمپنی کے ڈائریکٹر نے آن لائن کو بتایا کہ پاکستان میں اعتماد کے 20سنٹرز مکمل طور پر فعال ہیں اور اعتماد کا عملہ عمرہ زائرین اور سعودی عرب جانے والے دیگر افراد کی خدمت کیلئے موجود ہے۔

سردار طارق الہی نے بتایا کہ ملک کے تمام بڑے شہروں میں ’’اعتماد ‘‘ کے دفاتر کو تما م سہولتوں کے ساتھ فعال کردیا گیا ہے ، سعودی قوانین کے مطابق کمپنی کا عملہ پاکستانی شہریوں کیلئے بائیومیٹرک کی تصدیق کا عمل چند منٹوں میں مکمل کرتا ہے ، البتہ انہوں نے پاکستانیوں شہریوں سے درخواست کی کہ وہ اعتماد کے دفتر آنے سے پہلے کمپنی میں وقت طے کرکے آئیں تاکہ وقت کے ضیاع اور کسی قسم کی پریشانی سے بچا جاسکے۔واضع رہے کہ سعودی حکام نے پاکستانی عمرہ زائرین کیلئے 31دسمبر، 2017ء تک چھوٹ دے رکھی تھی، اور پاکستانی عمرہ زائرین کیلئے بارہ سال سے چھوٹے بچوں اور 45سال سے بڑے افراد کیلئے بائیو میٹرک تصدیق سے تاحکم ثانی استشنی حاصل ہے۔