112

6ممالک کے سپیکرزکانفرنس کا آج سے آغاز


اسلام آباد۔تین روزہ سپیکرزکانفرنس (آج) ہفتہ سے اسلام آباد میں شروع ہوگی ٗقومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی میزبانی میں سپیکرز کانفرنس میں پاکستان، ایران، چین، روس، افغانستان اور تر کی کے سپیکرز پارلیمانی وفود کے ہمراہ شرکت کریں گے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی نے رواں سال جون میں سیؤل میں ہونے والی یورو ایشین سپیکرز کانفرنس کے موقع پر خطہ کے ممالک کے مابین رابطوں کو مضبوط بنانے اور دہشت گردی کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے ان 6 ممالک کے سپیکرز کو کانفرنس کی تجویز پیش کی۔ کانفرنس کے انعقاد کے پیچھے سپیکر قومی اسمبلی کا خطہ کے ممالک کے مابین مکالمے اور رابطوں میں اضافے کا نظریہ کار فرما ہے ۔

جو ایک خوشحال معاشر ے کے قیام اور آئندہ آنے والی نسلوں کیلئے پائیدار ترقی کے حصول کیلئے بنیادی اہمیت کا حامل ہے۔ اس اہم پارلیمانی کانفرنس کے انعقاد کا مقصد ان 6 ممالک کا ایک دوسر ے کے ساتھ مشترکہ سماجی اور معاشی مفادات کی نشان دہی ، خطے کی تر قی اور باہمی رابطوں کو فروغ دینے پر غور کرنا ہے اس کانفرنس سے نہ صرف خطے میں سیکورٹی اور استحکام کے قیا م میں مدد ملے گی۔

بلکہ پائیدار امن کے قیام ، معاشی تر قی اور خوشحالی کیلئے باہمی تعاون کو فروغ دینے کی نئی راہیں تلاش کرنے کا موقع ملے گا۔کانفرنس شریک ممالک کے سپیکرز کو دہشت گردی کے خاتمے، امن کے قیام اور باہمی رابطوں کے فروغ کیلئے مذاکرات کے ذریعے ایک مشترکہ لائحہ عمل واضح کرنے کا موقع فراہم کرے گی۔ کانفرنس میں متعلقہ ممالک کی کاروباری و تجارتی برادری کے نمائندوں، تعلیمی و ٹیکنالوجی کے شعبوں کے ماہرین اور امن کے قیام کرنے والوں کے مابین رابطوں کو فروغ دینے پر بھی غور کیا جائے گا۔