173

پاک بحریہ کا اینٹی شپ میزائل کا کامیاب تجربہ

اسلام آباد۔پاکستان نیوی نے ساحلی علاقے میں کی جانے والی ایک تربیتی مشق کے دوران سطح زمین سے فائر کیے جانے والے ایک اینٹی شپ میزائل کا کامیاب تجربہ کیا۔ میزائل نے اپنے مقررہ راستے سے گذرتے ہوئے سمندر میں موجود اپنے ہدف کو پوری کامیابی سے نشانہ بنایا۔ وائس چیف آف نیول اسٹاف وائس ایڈمرل کلیم شوکت اور پاک بحریہ کے سینئر افسران اس موقع پر موجود تھے۔ حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے بحر ہند میں سیکیورٹی کے تبدیل ہوتے ہوئے ماحول اور اس حوالے سے پاک بحریہ کو درپیش چیلنجز پر روشنی ڈالی ۔

وائس چیف آف نیول اسٹاف نے بتایا کہ سربراہ پاک بحریہ مادر وطن کی سمندری حدود کے تحفظ کے لیے پاک بحریہ کے افسروں اور جوانوں کی انتھک محنت اور خلوص نیت پر مکمل اعتماد رکھتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نیو ی علاقائی امن و سلامتی کے حوالے سے سمندری حدود میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے کی جانے والی تمام کوششوں میں اپنا بھر پور کردار ادا کرتی رہے گی۔

وائس چیف آف نیول اسٹا ف نے میزائل فائرنگ کے اس کامیاب تجربے میں حصہ لینے والے تمام افسروں اور جوانوں بالخصوص میزائل یونٹ کے عملے کی تعریف کی جن کی انتھک محنت اور عزم مصمم کی بدولت یہ تجربہ کامیابی سے ہمکنار ہوا۔