98

پاکستان اور سعودی عرب اسٹریٹجک پارٹنر ہیں ،امام کعبہ

لاہو ر۔ امام کعبہ الشیخ صالح بن محمد آل طالب نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب اسٹریٹجک پارٹنر ہیں ، دونوں ممالک کے تعلقات میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے، ہم پاکستانی حکومت، عوام اور پاک افواج کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ہفتہ کووزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے امام کعبہ الشیخ صالح بن محمد آل طالب نے ملاقات کی۔ امام کعبہ نے لاہور سمیت پنجاب میں ترقیاتی کاموں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال بھی لاہور آیا تھا اوریہاں بہت ترقی دیکھی تھی، اب کی بار آ کر ترقی میں مزید اضافہ دیکھا ہے۔

لاہور سمیت پنجاب تیزی سے ترقی کر رہا ہے، خوشی ہوئی آپ عوامی فلاح کے لیے محنت سے کام کر رہے ہیں۔امام کعبہ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب اسٹریٹجک پارٹنر ہیں، دونوں ممالک کے تعلقات میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے، ہم پاکستانی حکومت، عوام اور پاک افواج کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب یکجان دو قالب ہیں، پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات تاریخی ہیں۔

امام کعبہ کے دورے سے باہمی تعلقات میں مزید اضافہ ہوگا، سعودی عرب نے اچھے اور برے وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے، پاکستان کے عوام سعودی عرب کے تعاون کو کبھی بھلا نہیں سکتے۔شہباز شریف نے کہا کہ ولی عہد محمد بن سلمان کی عوام دوست پالیسیوں کا قدر دان ہوں، سعودی ولی عہدکی پالیسیوں کے دور رس نتائج برآمد ہو رہے ہیں، پاکستان کے عوام سعودی عرب سے عقیدت رکھتے ہیں، دونوں ملکو ں کے تعلقات دنیاوی ضروریات سے بالاتر ہیں۔