140

مردان میں سینیٹیشن پلیٹ انڈکشن کا افتتاح

پشاور۔صوبائی وزیر تعلیم و توانائی محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ سابقہ ادوار میں سیاسی مداخلت کی وجہ سے ادارے تباہ کئے گئے تھے۔ ہماری حکومت نے وسائل دینے کیساتھ ساتھ اصلاحات کے ذریعے اداروں کو اور بھی مضبوط کیا تاکہ وہ مالی اور انتظامی فیصلوں میں بااختیار ہو اور بلا تفریق عوامی مسائل حل کریں۔ وہ واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز کمپنی مردان میں سینیٹیشن پلیٹ انڈکشن کے افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے ۔

اس موقع پر کمشنر مردان ڈویژن ذاکر حسین آفریدی ، چیف ایگزیکٹیو آفیسر واٹر اینڈ سینیٹیشن کمپنی مردان ناصر غفور خان تحصیل ناظم محمد ایوب خان ، چےئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز محمد فائق شاہ اور تحصیل نائب ناظم مشتاق سیماب بھی موجود تھے۔ محمد عاطف خان نے کہا کہ اس کمپنی نے تھوڑے عرصے میں بہت اہم خدمات سرانجام دی ہیں جس کا سارا سہرا چیف ایگزیکٹیو اور بورڈ ممبرز کو جاتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اس کمپنی کی وجہ سے مردان شہر کے عوام کو پینے کے صاف پانی اور سینیٹیشن کے بہترین سہولیات مل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی وزیر کا یہ کام نہیں کہ وہ ٹرانسفارمر بنائے، بلکہ اس کا بنیادی کام ہے کہ وہ ان اداروں کو ٹھیک کریں جو ذمہ دار ہیں اور اصلاحات کے ذریعے ان میں بہتری لائے تاکہ آنیوالے وقتوں میں بھی عوام کے کام خود بخود ہوتے رہے اور وہ خان خوانین کے چنگل سے مکمل طور پر آزاد ہوسکیں۔