پشاور۔ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ چھوٹے صوبے سے سینٹ چیئرمین بن جائے تو اچھی بات ہے‘ چیئرمین سینٹ کے چناؤ میں (ن) لیگ کا راستہ روکیں گے‘ سینٹ انتخابات کا طریقہ کار ہارس ٹریڈنگ کو فروغ دے رہا ہے‘ سینٹ الیکشن میں ضمیر خریدنے کے لئے چار چار کروڑ روپے دیئے گئے‘ پارٹی کے اندر تحقیقات کرارہے ہیں‘ سوشل میڈیا پر نام آجانے سے کسی پر بکنے کا الزام نہیں لگایا جاسکتا۔
جمعرات کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سینٹ انتخابات کا طریقہ کار ہارس ٹریدنگ کو فروغ دیتا ہے۔ سینٹ میں سالوں سے ووٹ بک رہے ہیں بڑی جماعتوں نے ہماری بات نہیں مانی اور سینٹ الیکشن میں ارکانکو چار چار کروڑ روپے دیئے۔ ہم پارٹی کے اندر تحقیقات کروا رہے ہیں اور ثبوت ملنے پر ایکشن لیں گے۔ 2018 کے انتخابات فیصلہ کن ہوں گے خفیہ ووٹنگ کرپشن کو فروغ دیتی ہے۔
چیئرمین سینٹ کیلئے ہماری کوشش ہے کہ مسلم لیگ (ن) کا نہ بنے۔ (ن) لیگ کا ایک کام ہے کہ شریف خاندان کی کرپشن بچائی جائے۔ ہم مشاورت کرکے اچھا امیدوار لائیں گے۔ بلوچستان سے سینٹ چیئرمین آنا چاہئے سوشل میڈیا پر نام آجانے سے کسی پر بکنے کا الزام نہیں لگا سکتے۔ اگر کسی کے پاس ثبوت ہے تو ہمیں دیں ہم ایکشن لیں گے۔ ان غریب گھرانوں کے ایم پی ایز کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو بکے نہیں ہیں ہم ایسے لوگ چاہتے ہیں جو نہ بکیں چاہے ان کے حلقے میں کوئی کام نہ ہوا ہو۔ اپنے ممبر کے ضمیر کی قیمت لگانا ان کے کریکٹر کو ظاہر کرتا ہے۔
151









