439

پی ٹی آئی ایک اور لیگی وکٹ اڑانے میں کامیاب

اسلام آباد۔تحریک انصاف مسلم لیگ (ن)کی ایک اور وکٹ اڑانے میں کامیاب ہو گئی۔مسلم لیگ (ن)کے رکن قومی اسمبلی رضا حیات ہراج نے باقاعدہ طور پر تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی۔

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے سوشل میڈیا پر بتایا گیا کہ (ن)لیگ کے ایم این اے رضا حیات ہراج نے جہانگیر ترین کی رہائش گاہ پر عمران خان سے ملاقات کی جس کے بعد انہوں نے (ن)لیگ چھوڑ کر تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ اس سے قبل مسلم لیگ (ن)کے گوجرانوالہ سے رکن قومی اسمبلی میاں طارق محمود اور فیصل آباد سے رکن قومی اسمبلی نثار جٹ بھی پارٹی چھوڑ کر تحریک انصاف میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کر چکے ہیں۔

خیال رہے کہ چند روز قبل اس قسم کی خبریں میڈیا کی زینت بنی تھیں کہ مسلم لیگ(ن)کے رکن قومی اسمبلی رضا حیات ہراج اور قاسم نون نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔تاہم رضا حیات ہراج اور قاسم نون نے تحریک انصاف میں شمولیت کے حوالے سے خبروں کی تردید کی تھی۔خیال رہے کہ 2013 کے عام انتخابات میں رضا حیات ہراج نے اپنے آبائی علاقے کبیر والا سے آزاد امیدوار کے طور پر حصہ لیا اور کامیاب قرار پائے ، بعدازاں انہوں نے مسلم لیگ (ن)میں شمولیت اختیار کر لی تھی۔