239

تحریک انصاف کا چیئرمین سینیٹ کیلئے امیدوار نہ لانے کا فیصلہ، ذرائع

اسلام آباد: تحریک انصاف نے چیئرمین سینیٹ کے لیے اپنا امیدوار نہ لانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق تحریک انصاف نے سینیٹ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی حمایت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ تحریک انصاف چیئرمین سینیٹ کے لیے اپنا امیداور بھی سامنے نہیں لائے گی۔

ذرائع نے بتایا کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہےکہ پیپلزپارٹی ہارس ٹریڈنگ کی بانی ہے، خیبرپختونخوا سے پی ٹی آئی کے ایم پی ایز کی ہارس ٹریڈنگ میں پی پی کا بڑا ہاتھ ہے۔

ذرائع کے مطابق عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی ہےکہ کسی بھی صورت میں چیئرمین سینیٹ کی نشست مسلم لیگ (ن) کے پاس نہیں جائے اور (ن) لیگ کا چیئرمین بنانے کا راستہ روکنے کی بھرپور کوشش کی جائے۔

ذرائع نے بتایا کہ تحریک انصاف بلوچستان کے آزاد گروپ اور فاٹا ارکان کے امیدواروں کی حمایت کرسکتی ہے جب کہ پارٹی چیئرمین عمران خان سینیٹ کا چیئرمین بلوچستان سے چاہتے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ تحریک انصاف پیپلزپارٹی کو آخری آپشن کے طور پر دیکھ رہی ہے، اگر پی پی کی جانب سے رضا ربانی کو چیئرمین سینیٹ کے امیدوار کے طور پر سامنے لایا گیا تو انہیں آخری آپشن کی صورت میں ووٹ دیا جائے گا۔