254

ماتحت عدلیہ میں بھی اصلاحات کی داغ بیل ڈال دی ہے ٗ پرویز خٹک

پشاور۔وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ عمران خان کی صورت میں پاکستانی قوم کوبہترین لیڈر ملا ہے اگلے چند مہینے بعد ہونے والے عام انتخابات عمران خان کو وزیراعظم منتخب کرنے کا سنہری موقع ہے ۔

اسلئے قوم کسی بھی صورت میں یہ موقع ضائع نہ ہونے دے ورنہ اس ملک اور قوم کا خدا ہی حافظ ہے‘ انہوں نے کہا کہ ہم نے ماتحت عدلیہ میں بھی اصلاحات کی داغ بیل ڈال دی ہے اور دیوانی مقدمات کا فیصلہ ایک سال کے اندر لازمی بنا دیا ہے اسلئے عوام کو کئی نسلوں سے جاری دیوانی مقدمات اور تنازعات سے بھی جلد چھٹکارہ ملے گا وہ وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں پی ٹی آئی کے زیراہتمام عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے ۔

اس موقع پر نوشہرہ کلاں سے پیپلز پارٹی کے سرگرم رہنما ثناء اللہ خان کی زیر قیادت متعدد سیاسی کارکنان نے اپنے سینکڑوں حامیوں اور اہل خاندان کے ہمراہ پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ جبکہ پی پی پی کو خیرباد کہہ کر پی ٹی آئی میں شامل ہونے والے کارکنوں میں ثناء اللہ، اشراف اللہ، خان بہادر، نذر محمد، ثمرگل، سلیم اللہ، رشیداللہ، امان، سیاب، یاسرعلی، بدری زمان، رحمان، سرتاج، عتیق، محمود، فواد، عاصم، واجد نبی اور امان اللہ شامل تھے پرویز خٹک نے کہا کہ 8 سال قبل پی ٹی آئی میں شمولیت سے پہلے وہ ملک اور صوبے کے سیاسی اور حکومتی حالات سے تقریباًمایوس ہوگئے تھے اور انہوں نے مزید وزارت میں رہنے اور چور حکمرانوں کی طرح اپنے خاندان اور کارکنوں کو حرام کھلانے کی بجائے سیاست سے کنارہ کش ہونے کا فیصلہ کرلیا تھا مگر عمران خان کی شکل میں انہیں مسیحا اور مخلص لیڈر مل گیا اور ان کی زیرقیادت عوامی خدمت کا بیڑا اٹھایا۔

انہوں نے وزیراعلیٰ بننے کا سوچا بھی نہیں تھا جب صوبے کی وزارت اعلیٰ سنبھالی تو یہاں کا باوا آدم ہی نرالہ تھا مگر آج ساڑھے چار سال کی مختصر مدت میں 70 سالہ گند صاف کرنے میں خاطرخواہ کامیابی حاصل کی گئی ۔ حیرت ہے کہ پہلے ترقی کے نام پر اربوں روپے کہاں غائب ہوجاتے تھے دراصل نوازشریف، آصف زرداری، اسفندیارولی ، مولانا فضل الرحمان اور ان جیسے کرپٹ سیاست دان باریوں سے لوٹ مار کرتے رہے اور عوام بھی ان کے ہاتھوں اپنے استحصال کا تماشہ دیکھنے پر مجبور تھے گزشتہ قیامت خیز سیلاب میں وہ پشاور، چارسدہ اور نوشہرہ کی زرخیز وادیوں کو آئندہ تباہ کاریوں سے بچانے کیلئے وزیراعلیٰ حیدرہوتی اور صدر آصف زرداری کی منتیں کرتے رہے کہ انہیں محفوظ بنانے کیلئے فنڈز دئیے جائیں مگر ان کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی کیونکہ انہیں عوام کی جان و مال کی کوئی فکر نہیں تھی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں تبدیلی کیلئے اگر ہم سختی نہ کرتے تو حالات جوں کے توں رہتے مگر ہم نے ٹھوس اصلاحات اور ریکارڈ قانون سازی کے ذریعے صوبے کی کایا پلٹ دی ہے ہم نے قومی خزانے پر پلنے والے اساتذہ، ڈاکٹروں اور دیگر تمام طبقوں کی سیاست بازی ختم کر کے انہیں عوامی خدمت کا تابع بنایا ۔آج کوئی جرأت نہیں کر سکتا کہ وہ سرکاری کام میں کوتاہی یا کرپشن کا مرتکب ہو۔

انہوں نے کہا کہ اب ادارے صحیح ڈگر پر چلتے ہیں اور ہر سطح پر ذمہ داری قبول کرنے والے موجود ہے ۔دریں اثناء وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ انصاف کی فراہمی ، میرٹ کی بالادستی اور ذمہ داریوں کی انجام دہی سے ہی معاشرے میں خوشحالی آتی ہے جس کیلئے موجودہ صوبائی حکومت نے نتیجہ خیز اقدامات کئے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں درجہ چہارم ملازمین ایسوسی ایشن سول سیکرٹریٹ پشاور کی نو منتخب کابینہ کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

وزیر اعلیٰ نے نو منتخب کابینہ کے اراکین سے حلف لیا اور ان کو مبارکباد دی انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئی کابینہ ملازمین کی بھلائی کیلئے سنجیدگی سے کام کرے گی انہوں نے ملازمین کے مطالبات یونیفارم الاؤنس 8 ہزار تک بڑھا کر ماہانہ تنخواہ میں ضم کرنے اور Ex کیڈر پوسٹ اور ہاؤس ہولڈ سٹاف کیلئے سروس سٹرکچر بنانے کے حوالے سے قابل عمل طریق کار وضع کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ انکی حکومت نے ملازمین کو درپیش مسائل کے حل اور انکی ترقی کیلئے دیرپا اقدامات اٹھائے ہیں ۔