248

پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کا لانگ رینج اینٹی شپ میزائل کا کامیاب تجربہ

کراچی: بحری مشق رباط کے دوران پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کی جانب سے لانگ رینج اینٹی شپ میزائل کی فائرنگ کا کامیاب تجربہ کیا گیا، جسے آپریشنل صلاحتیوں میں اہم کامیابی قرار دیا جارہا ہے۔

پاک بحریہ کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا کہ پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی اور پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان نے پی این ایس نصر سے میزائلوں کی فائرنگ کا مظاہرہ دیکھا جسے آپریشنل صلاحتیوں میں اہم کامیابی قرار دیا گیا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق میزائل JF-17 تھنڈر ایئر کرافٹ اور پاک بحریہ کے F-22P فریگیٹ پی این ایس سیف سے فائر کیے گئے۔

پی این ایس سیف نے سطح سمندر سے سطح سمندر پر مار کرنے والا مزائل C-802 فائر کیا جبکہ پاک فضائیہ کے JF-17 تھنڈر نے ہوا سے سطح سمندر پر مار کرنے والا میزائل C-802AK فائر کیا۔

ترجمان پاک بحریہ کا کہنا تھا کہ دونو ں پلیٹ فارمز سے فائر کیے گئے ان اینٹی شپ میزائلوں نے اپنے اپنے اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق بحیرہ عرب میں مزائل فائرنگ کا یہ تجربہ پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کے مشترکہ آپریشنز کی صلاحیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

اس موقع پر جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے امیر البحر ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ اور پاک فضائیہ ملکی سرحدوں کے تحفظ کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔

بعدِ ازاں پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کی جانب سے مشترکہ فلائی پاسٹ کا شاندار مظاہرہ بھی پیش کیا گیا جبکہ پاکستان نیوی کے سربراہ نے اس موقع پر پاکستان نیول فلیٹ کی آپریشنل تیاریوں پر مکمل اطمینان کا بھی اظہار کیا۔