83

مستقل صدر کا انتخاب‘ن لیگ نے الیکشن بورڈ تشکیل دیدیا

اسلام آباد۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے مستقل پارٹی صدر کے انتخاب کے لئے الیکشن بورڈ تشکیل دیدیا، وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف چوہدری محمود بشیر ورک کو چیئر مین الیکشن بورڈ مقرر کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے مستقل پارٹی صدر کے انتخاب کے لئے پی ایم ایل این نے الیکشن بورڈ تشکیل دیدیا ہے ۔

وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف چوہدری محمود بشیر ورک الیکشن بورڈ کے چیئر مین مقرر کر دیے گئے،مسلم لیگ ن کے مستقل پارٹی صدر کے انتخاب کے لئے تشکیل الیکشن بورڈ میں پنجاب سے راجہ اشفاق سرور، سندھ سے شاہ محمد شاہ، خیبرپختوانخوا سے پیر صابر شاہ اور بلوچستان سے سردار یعقوب ناصر بورڈ میں شامل ہیں۔

صدر کے عہدے کیلئے(کل) منگل کو صبح نو بجے تک کاغذات نامزدگی وصول کئے جائیں گے،کاغذات کی چھان بین مکمل کرنے کے بعد منگل کو ہی صبح دس بجے حتمی فہرست جاری کی جائے گی۔