125

سوات ایکسپریس وے کے جنوبی حصے پر کام کا آغاز

پشاور ۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے سوات ایکسپریس وے کا تعمیراتی کام مقررہ معیاد میں مکمل کرنے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا ہے کہ سوات ایکسپریس وے کی تعمیرسے صوبے میں سیاحت کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔یہ بات انہوں نے صوابی میں کرنل شیر خان انٹر چینج پر سوات ایکسپریس وے کے حوالے سے بریفنگ میں کی۔وزیراعلیٰ کوکمانڈر فرنٹئیر ورکس آرگنائزیشن(ایف ڈبلیو او) بریگیڈئیر اشفاق متیالہ اور پختو نخوا ہائی وے اتھارٹی کے پراجیکٹ ڈائریکٹر برکت اللہ نے بریفنگ دی۔

بریفنگ میں وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ سوات ایکسپریس وے کا25فیصد تعمیراتی کام مکمل کیا جاچکا ہے،اس مکمل شدہ کام میں پہاڑوں کی کٹائی ،ان راستوں کی ہمواری اور سٹرکچر بچھانے کا دشوار کام بھی شامل ہے جسے مکمل طور پر پورا کرلیا گیا ہے۔ایکسپریس وے کے6انٹر چینجوں کی تعمیر پر بھی تیزی سے کام کیا جارہا ہے ۔سوات ایکسپریس وے کے کاٹلنگ انٹر چینج کی تعمیر 31مارچ2018تک کمل کر لی جائیگی جسے عوام کی آمدورفت کے لیے کھول دیا جائیگا۔بریفنگ میں آگاہ کیا گیا کہ ایکسپریس وے کے راستوں کے لیے کھدائی ،زمینی سطح کی ہمواری کاکام مکمل طور پر پایہ تکمیل تک پہنچ چکا ہے۔

سوات ایکسپریس وے کے دو ٹنلوں کے2400میٹرز میں سے900میٹرز پر کام ہوگیا ہے،جبکہ اس ایکسپریس وے پر21پلوں کا 70فیصد کام ہوا ہے،انڈر پاسز کی تعمیر کا بھی نصف فیصد کام مکمل کیا جا چکاہے ۔رواں سال نومبر میں ایکسپریس وے کے ساؤتھ اینڈ پر بھی تعمیراتی کام کا آغاز ہوچکا ہے۔اس موقع پر وزیراعلیٰ نے سوات ایکسپریس وے کے کام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو بروقت تعمیر ممکن بنانے کی ہدایات جاری کیں۔پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ سوات ایکسپریس وے کے چاروری سڑک کے لیے چھ لین بچھائے گئے ہیں تاکہ مستقبل میں ضرورت پڑنے پر ایکسپریس کو باآسانی وسعت دی جاسکے۔