110

کوہاٹ میں پولیو ڈیوٹی سے انکار پر 3استانیاں ضلع بدر

پشاور۔ڈپٹی کمشنر کوہاٹ خالد الیاس نے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول شیخان ،گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول درملک اور گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول تیراہ وال بانڈہ لاچی کی3استانیوں کو پولیو ڈیوٹی سے انکار پرضلع بدر کرنے کے کیسز ڈائریکٹرایجوکیشن خیبر پختونخواکوبھجواکر تمام سرکاری ملازمین کومتنبہ کیاہے کہ پولیو مہم ایک قومی کاز ہے جس پر کسی قسم کا سمجھوتہ ممکن نہیں اور آئندہ جو بھی ڈیوٹی سے انکاریا غفلت برتے گا اس کا انجام اس سے بھی بدتر ہوگا۔

خالد الیاس نے پولیو کے مکمل خاتمے کے لئے مربوط کوششوں کی ٖضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پولیو ایک مہلک اور خطرناک مرض ہے جس کے لئے ہر ایک کو اپنااہم کردار ادا کرناہوگا۔انہوں نے کہ کہ نئی نسل کو عمر بھر کے لئے اپاہج ہونے سے بچانا ہمارا قومی فریضہ ہے اور اس سلسلے میں والدین کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے لہذاوہ پولیو ٹیموں کے ساتھ بھر پور تعاون کریں اور اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں۔

ڈپٹی کمشنرنے کہاکہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے کوہاٹ میں حالیہ سالوں میں پولیو کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا ہے اور دیگر اضلاع کے مقابلے میں یہاں قطرے پلانے سے انکاری والدین کے کیسز بھی کم ہیں اس لئے ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم سب مل کر پولیو کے خلاف جاری جہاد کو کامیابی سے منطقی انجام تک پہنچائیں۔