28

حماس نے راکٹ حملے میں 24 اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکت کی ذمہ داری قبول کرلی

غزہ: حماس کی القسام بریگیڈ نے گزشتہ روز مارے گئے 24 اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکت کے واقعے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں کو راکٹ حملے کا نشانہ بنایا تھا۔

عرب میڈیا کے مطابق حماس کی القسام بریگیڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 7 اکتوبر سے جاری جنگ میں اسرائیلی فوج کو سب سے بڑا نقصان گزشتہ روز پہنچایا گیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ روز اسرائیلی فوج ایک ایسے علاقے میں کارروائی کر رہی تھی جہاں ایک عمارت میں بارودی مواد رکھا ہوا تھا۔ جیسے ہی فوجی عمارت میں داخل ہوئے، ہم نے عمارت پر راکٹ مار دیا۔

القسام بریگیڈ کے بیان میں مزید کہا گیا کہ راکٹ لگنے سے عمارت منہدم ہوگئی اور وہاں رکھے بارودی مواد میں دھماکا ہوگیا جس میں 21 اسرائیلی فوجی مارے گئے اور متعدد زخمی ہوگئے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اسی طرح عمارت کے باہر اسرائیلی ٹینکوں کو حفاظتی حصار میں رکھنے والی فورس پر حملہ کیا جس میں 3 اسرائیلی فوجی مارے گئے۔ اس طرح کُل تعداد 24 ہوگئی۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے جوابی کارروائی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی فورسز نے خان یونس میں 100 سے زائد جنگجوؤں کو ہلاک کردیا۔