125

خیبرپختونخوا اسمبلی میں بلدیو کمار پر جوتے سے حملہ

پشاور: خیبرپختونخوا اسمبلی کے رکن ارباب جہانداد نے اپنی ہی جماعت کے رکن بلدیو کمار پر اسمبلی میں جوتے دے مارا۔

خیبرپختونخوا اسمبلی کے اسپیکر نے عدالتی حکم پر سورن سنگھ کے قتل کے الزام میں گرفتار پی ٹی آئی رکن اسمبلی بلدیو کمار کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے تھے جس پر انہیں آج اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے لایا گیا۔

بلدیو کمار نے اپنی اسمبلی رکنیت کا حلف لینا تھا جس کے لیے وہ اسمبلی میں موجود تھے، اس دوران اپوزیشن نے بلدیو کمار کی اسمبلی آمد پر اعتراض کیا۔

اسمبلی اجلاس میں دیکھتے ہی دیکھتے ہنگامہ آرائی شروع ہوگئی اور اس دوران پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی ارباب جہانداد نے بلدیو کمار کی طرف پہلے ایک جوتا مارا پھر فوری ہی دوسرا جوتا بھی ان کی طرف اچھال دیا۔

واقعے پر دیگر ارکان اور اسمبلی کی سیکیورٹی پر مامور اسٹاف بلدیو کمار کے گرد جمع ہوگیا اور انہیں بچانے کی کوشش کی جس کے بعد سیکیورٹی اسٹاف بلدیو کمار کو باہر لے گیا۔

اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کے باعث بلدیو کمار اپنی رکنیت کا حلف بھی نہیں اٹھاسکے۔