225

خیبر پختونخوا پولیس کو قائداعظم میڈ ل سے نوازنے کیلئے سفارشات مکمل 

پشاور۔خیبر پختونخوا پولیس افسران و اہلکاروں کو قائداعظم و پولیس میڈل ایوارڈز دینے کیلئے کمیٹی نے اپنی سفارشات کو حتمی شکل دیدی ہے ذرائع نے بتایا ہے کہ قائداعظم میڈل اور پولیس میڈل کیلئے حیات آباد دھماکے میں جاں بحق ہونے والے ایڈیشنل آئی جی اشرف نور کے علاوہ سی سی پی او پشاور طاہر خان ، سابق ایس ایس پی آپریشن پشاورسجاد خان سمیت 30افسران اور اہلکاروں کو دیئے جانے کے امکانات ہیں۔

23مارچ 2018کو ان افسران اور اہلکاروں کو ان اعزازات کیلئے نامزد کردیاجائے گا جس کیلئے صوبائی حکومت نے کمیٹی بھی تشکیل دی ہے صوبے کے مختلف اضلاع میں خدمات سرانجام دینے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کو ان کی بہادری دلیری ، دہشت گردوں کے ساتھ ڈٹ کر مقابلہ کرنے پر انہیں اعزازات سے نواز دیا جائے گا۔

خیبرپختونخوا پولیس دہشت گردی کیخلاف جاری جنگ میں اہم ترین کردار ادا کر رہی ہے خیبرپختونخواپولیس کے درجنوں اہلکار اور افسران دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں جام شہادت نوش کر چکی ہیں جبکہ درجنوں معذور بھی ہو چکے ہیں ۔