17

تحریک انصاف کا پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ جانے کا فیصلہ

سابق چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کےخلاف سپریم کورٹ جائیں گے، سپریم کورٹ بلا بحال نہیں کرتی تو ہر امیدوار آزاد الیکشن لڑے گا۔

راولپنڈی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کےخلاف سپریم کورٹ جائیں گے، پارٹی سےانتخابی نشان لینا اسے تحلیل کرنےکےمترادف ہے۔

بیرسٹرگوہر کا کہنا تھا کہ آپ کرپشن اور ہارس ٹریڈنگ کی بنیاد رکھ رہے ہیں، غلط فہمی ہے کہ الیکشن کمیشن کو نہیں سنا گیا، بلے کا نشان واپس لینےسے انتخابات پر سوالیہ نشان لگ جائے گا۔

سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ سپریم کورٹ بلا بحال نہیں کرتی تو الیکشن کے بائیکاٹ کی طرف نہیں جائیں گے، ہر امیدوار آزاد الیکشن لڑے گا۔

بیرسٹر گوہر کا مزید کہنا تھا کہ 90 فیصد یقین ہے کہ سپریم کورٹ بلے کا نشان بحال کردےگی، ویسے بھی مسئلہ سپریم کورٹ میں ہی حل ہونا تھا۔

واضح رہے کہ پشاور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کی نظر ثانی اپیل پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن کمیشن کی درخواست منظور کرلی اور حکم امتناع واپس لے لیا۔ اور عالت نے الیکشن کمیشن کا 22 دسمبرکا فیصلہ بحال کردیا ہے۔