511

حکومت خیبر پختونخوا میں بزرگ شہریوں کے لئے سینئر سٹیزن کارڈ کااجراء 

پشاور۔حکومت خیبر پختونخوا نے سارے صوبوں پر سبقت لے کر ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ صوبے کے60سال یا زائد عمر کے بزرگ شہریوں کے حقوق کے لئے انقلابی سینئر سٹیزن ایکٹ 2014ء پاس کیاہے جس کے تحت انہیں خصوصی مراعات دی گئی ہیں۔

ان مراعات سے بھرپور استفادہ کرنے کے لئے صوبائی حکومت نے سینئر سٹیزن کارڈ کے اجراء کا سلسلہ شروع کردیاہے جس کے لئے بزرگ شہریوں کے کوائف جمع کی جارہی ہیں۔اس مقصد کے لئے محکمہ سماجی بہبود،خصوصی تعلیم و ترقی خواتین کے تمام ضلعی دفاتر کے علاوہ کارڈز فارم آن لائن بھی http://swkpk.gov.pk/downloads/scrform.pdf پر دستیاب ہیں جسے ڈاؤن لوڈ کرکے سوشل ویلفیئرکے دفاتر میں پرکردہ فارم جمع کئے جاسکتے ہیں۔

محکمہ سماجی بہبود،خصوصی تعلیم و ترقی خواتین کوہاٹ کے ضلعی آفیسر بلال خان آفریدی نے اپنے ایک بیان میں بزرگ شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ حکومت کے اس انقلابی اقدام سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور اپنی پہلی فرصت میں یہ فارم حاصل کرکے محکمہ ہذا کے ساتھ اپنا اندراج کروائیں تاکہ انہیں سینئر سٹیزن کارڈ جاری کرکے حکومت خیبر پختونخواکی جانب سے مذکورہ ایکٹ میں مہیا کی گئی مراعات کے حقدار ٹہریں۔