159

ملک کے مختلف حصوں میں بارش، خنکی میں اضافہ 

اسلام آباد۔ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کے باعث موسم ایک بارپھر سرد ہوگیا ہے۔اسلام آباد،روالپنڈی، لاہور، سرگودھا، خیبرپختونخوا ،فاٹا، بلوچستان ،گلگت بلتستان،مظفر آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی کہیں تیزبارش جبکہ ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث موسم ایک بار پھر سرد ہوگیا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کشمیر، فاٹا، گلگت بلتستان، کوئٹہ، ژوب، قلات ڈویژن، خیبرپختونخوا میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ چیچہ وطنی اور گردونواح میں رات بھر سے وقفے وقفے سے جاری ہلکی بارش کے باعث کسانوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے کسانوں کا کہنا ہے کہ بارش سے فصلوں پر مثبت اثرات مرتب ہونگے۔مانسہرہ، شوگران، ناران، جھیل سیف الملوک، لولو سر، دودی پت سر، اور مضافات میں برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا ہے جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ ادھر برف باری کی وجہ سے کاغان تا ناران اور ناران تا بابو سر ٹاپ تک کے تمام رابطہ روڈ بند ہوگئے ہیں۔میرپور آزاد کشمیر، مظفرآباد وگردونواح میں بارش کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔

خان پور میں گرج چمک کیساتھ بارش شروع ہوچکی ہے اور بارش شروع ہوتے ہی حسب معمول بجلی چلی گئی ہے جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ مالاکنڈ،پشاور، لاہور، چار سدہ ، ڈی �آئی خان میں بھی رات گئے سے ہلکی بارش اور بوندا باندی جاری ہے جس سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔ گزشتہ روز سب سے زیادہ سردی کالام میں پڑی جہاں درجہ حرارت منفی چار ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ سب سے زیادہ بارش ژوب میں پندرہ ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔