25

الیکشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف پی ٹی آئی کا پشاور ہائی کورٹ سے رجوع کا فیصلہ مؤخر

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف پشاور ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ مؤخر کردیا۔

پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ انہیں الیکشن کمیشن سے ابھی تک فیصلے کی مصدقہ کاپی نہیں ملی ہے، پارٹی کو خدشہ ہے کہ مصدقہ کاپی نہ ہونے کی صورت میں درخواست مسترد ہوسکتی ہے۔

کیس کب اور کہاں دائر کرنا ہے اس معاملے پر ایڈووکیٹ حامد خان، بیرسٹر علی ظفر اور بیرسٹر گوہر خان میں مشاورت جاری ہے۔

پارٹی رہنماؤں کی جانب سے معاملے پر بانی پی ٹی آئی سے بھی مشاورت کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن کالعدم قرار دیتے ہوئے بلے کا انتخابی نشان واپس لے لیا تھا۔

چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 5 رکنی کمیشن نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن کا فیصلہ سنایا تھا۔

الیکشن کمیشن کے فیصلے میں کہا گیا تھا کہ پی ٹی آئی نے اپنے انتخابات پارٹی آئین کے مطابق نہیں کروائے جس کے بعد پی ٹی آئی بلے کے نشان کی اہل نہیں ہے۔