92

پاک بحریہ کی آپریشنل مشق رباط 2018 کا آغاز 

کراچی۔ کراچی میں پاک بحریہ کی آپریشنل مشق رباط 2018 کا آغاز ہوگیا۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق رباط 18 کے دوران کثیر الجہتی خطرات سے نمٹنے کے لیے بحری جنگی حکمت عملی اور پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کے مشترکہ آپریشنز کی مشقیں بھی شامل ہیں۔مشق کے افتتاحی سیشن میں وائس چیف آف دی نیول اسٹاف، وائس ایڈمرل کلیم شوکت مہمان خصوصی تھے۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق اس موقع پر وائس ایڈمرل کلیم شوکت نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مشترکہ جنگی مشقیں جدید جنگی حکمت عملی کے مطابق دفاع وطن کی تربیت کے لیے انتہائی ضروری ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بحری مشق رباط 2018، سی پیک سمیت کوسٹل اور کریکس ایریاز کے دفاع کو مزید بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ترجمان کے مطابق وائس ایڈمرل کلیم شوکت نے کہا کہ آپریشنل مشقوں کے انعقاد، پیشہ ورانہ تربیت اور ایمانی جذبے سے دشمن کو عددی برتری کے باوجود شکست دی جا سکتی ہے۔ترجمان کے مطابق مشق رباط کے دوران پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کی جانب سے فائر پاور کا مظاہرہ بھی کیا جائے گا۔مزید کہا گیا کہ یہ مشق پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کے مشترکہ آپریشنز کی استعداد بڑھانے میں مفید ثابت ہوگی۔