25

پرویز اور مونس الٰہی کی شوگر ملز کا منی لانڈرنگ میں ملوث ہونیکا انکشاف، ریکارڈ ضبط

چوہدری فیملی کی شوگر ملز کا چینی کی ذخیرہ اندوزی اور منی لانڈرنگ میں ملوث ہونے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔

ذرائع کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس چوری پر چوہدری شوگر ملز کی آر وائے کے شوگر ملز کے لاہور آفس پر چھاپا مارا۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ ایف بی آر نے مونس الٰہی اور پرویز الٰہی خاندان کی شوگر ملز کی الیکٹرانک ڈیوائسز اور ریکارڈ قبضے میں لے لیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آر وائے کے شوگر ملز پر منی لانڈرنگ اور ٹیکس چوری کے الزامات پہلے بھی لگتے رہے ہیں، الزام ہے کہ پرویز الٰہی اور ان کا خاندان ذخیرہ اندوزی کر کے ملک اور قوم کے مفادات سے کھیل کر پیسہ بنا رہا تھا جس کی تحقیقات جاری ہیں۔

خیال رہے کہ پی ٹی آئی کے صدر چوہدری پرویز الٰہی کرپشن کے مختلف مقدمات میں زیر حراست ہیں جبکہ مونس الٰہی کے بھی گرفتاری تک ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہیں اور ایف آئی اے کی جانب سے انہیں بیرون ملک سے گرفتار کر کے وطن واپس لانے کے اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔