392

خیبر پختونخوا کے صوبائی مشیر سیاحت نااہل قرار

اسلام آباد۔سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کا برقرار رکھتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما و صوبائی مشیر سیاحت عبدالمنعم خان کو نااہل قرار دیدیا ہے جبکہ الیکشن کمیشن کو عبدالمنعم خان کو فوری طور پر ڈی نوٹیفائی کرنے کا حکم دیدیا ہے. جمعہ کے روز سپریم کورٹ کے دو رکنی بنچ نے جسٹس عظمت سعید کی سربراہی میں خیبرپختونخوا اسمبلی میں تحریک انصاف کے رکن اور سیاحت پر وزیراعلٰی پرویز خٹک کے مشیر عبدالمنعم خان کا الیکشن کالعدم قرار دے دیا ہے۔

عبدالمنعم خان صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے 88 شانگلہ سے منتخب ہوئے تھے، ان کی کامیابی کو جمعیت علمائے اسلام ف کے امیدوار شیر عالم خان نے چیلنج کیا تھا،عبدالمنعم خان پر الزام تھا کہ انہوں نے سرکاری ملازم ہونا چھپایا اور الیکشن میں حصہ لینے سے دو دن قبل ٹیچر کی ملازمت سے استعفا دیا تھا، الیکشن کمیشن نے شیر عالم کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے عبدالمنعم کے الیکشن کو کالعدم قرار دیتے ہوئے حلقے میں دوبارہ انتخاب کا حکم دیا تھا ، اس فیصلے کو عبدالمنعم خان نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا تھا۔

جس پر عدالت نے تکنیکی بنیادوں پر الیکشن کمیشن کے حکم کو ختم کر دیا کہ اہلیت کو براہ راست کمیشن میں چیلنج کیا جا سکتا ہے اور نہ ہی الیکشن کمیشن رٹ آف کو وارنٹو میں فیصلہ دینے کا مجاز ہے، ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف شیر عالم خان نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی جس پر عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے عبدالمنعم خان کو نااہل قرار دیدیا۔