136

اسد قیصرنے صوابی میں گدون روڈ کا افتتاح کر دیا

پشاور۔سپیکر خیبرپختونخوااسمبلی اسدقیصر نے کہا ہے کہ عوام موروثی سیاسی پارٹیوں کی عوام دشمن پالیسیوں سے مایوس اور متنفر ہو چکے ہیں اب عوام عمران خان کی عوام دوست پالیسیوں کو پسندیدگی کی نظر سے دیکھتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے پرچم تلے جوق درجوق اکھٹے ہورہے ہیں۔عوام مداریوں کے دھوکے میں آئے بغیر آئندہ الیکشن میں پی ٹی آئی کو بھر پور پزیرائی دیں گے اور ان انشاء اللہ صوبوں اور مرکز میں تحریک انصاف کی مضبوط حکومتیں قائم ہوں گی اور عمران خان کی صورت میں ایک دیانتداراور بے لوث قیادت ملک کو نصیب ہوگی۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار منگل چائی (گدون)میں روڈ کے افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔جلسے کے اختتام پر سینکڑوں کی تعداد میں لوگوں نے مختلف پارٹیوں سے مستعفی ہو کر پی ٹی آئی میں شمولیت کی ۔سپیکر نے کہا کہ وہ سیاست اپنے مٹی اور عوا م سے وفاکرکے خدمت کرنے کیلئے کرتے ہیں۔پیسہ کمانے اور کرپشن کی سیاست پر لعنت بھیجتاہوں ۔

عوام باشعور ہیں اوران پر بخوبی واضح ہو گیاہے کہ کون حقیقی خدمت اور دیانتدارانہ سیاست کررہا ہے اور کن لوگوں نے جھوٹ ،منافقت، جھوٹے نعروں اورکرپشن وکمیشن کی سیاست کی ۔انہوں نے کہا کہ یہ ہی وجوہات ہیں کہ عوام جوق درجوق پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام کے بہترین مفاد کی خاطر انہوں نے سی پیک کی جنگ لڑی اور عوام کی دعاؤں سے یہ جنگ پشاور ہائی کورٹ کے توسط سے جیت کردکھائی ہے۔