132

نوازشریف 10 ،مریم 12ویں مرتبہ احتساب عدالت میں پیش


اسلام آباد۔سابق وزیراعظم نواز شریف 10ویں مرتبہ احتساب عدالت میں پیش ہوگئے، وہ منگل کی صبح لاہور سے اسلام آباد پہنچے تھے ،مریم نوازاور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر بھی ساتھ موجود تھے ۔منگل کوسابق وزیراعظم نواز شریف 10ویں مرتبہ احتساب عدالت میں پیش ہوئے ،اسلام آباد کے احتساب عدالت کے جج محمد بشیر سابق وزیراعظم نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر)صفدر کے خلاف نیب کی جانب سے دائر 3 ریفرنسز کی سماعت کررہے ہیں۔

احتساب عدالت میں فلیگ شپ انوسٹمنٹ اور ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس کی اب تک 16،16 جبکہ العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی 20 سماعتیں ہوچکی ہیں جس میں منگل سے قبل تک نواز شریف 9، مریم نواز 11جبکہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر 13 بار عدالت کے روبرو پیش ہوچکے ہیں۔تینوں ریفرنسز میں اب تک استغاثہ کے 8 گواہوں نے بیان قلمبند کرایا، جن میں سدرہ منصور، جہانگیر احمد، محمد رشید، مظہر بنگش، شہباز حیدر، ملک طیب، مختار احمد اور عمر دراز شامل ہیں۔

عدالت نے مزید 2 گواہوں کو بیان قلمبند کرانے کے لیے سمن جاری کر رکھے ہیں، جن میں یاسر بشیر العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس جبکہ شکیل انجم ناگرہ ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس میں بیان قلمبند کرائیں گے۔نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث کی درخواست پر عدالت نے نیب کو فلیگ شپ انوسٹمنٹ ریفرنس میں گواہ آفاق احمد کے جے آئی ٹی کو ریکارڈ کرائے گئے بیان کی کاپی فراہم کرنے کا حکم بھی دے رکھا ہے۔سابق وزیراعظم نے پیشی کے بعد پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں پارٹی رہنماوں سے مشاورت بھی کی۔