281

مردان میں جعلی ہاؤسنگ سوسائٹیز کیخلاف تحقیقات کا آغاز

پشاور۔ نیب خیبر پختونخوا نے چینار گل عرف حمزہ مالک شیخ یاسین ٹاؤن ، مردان کے خلاف باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے جعلی ہاوسنگ سوسائٹیز کی آڑ میں عوام سے 31.5 ملین روپے بٹورے۔ تفصیلات کے مطابق ملزم چینار گل عرف حمزہ نے شیخ یاسین ٹاؤن ، مردان میں رہائشی پلاٹس، مکانات، دوکانیں، اور کمرشل پلازہ میں نفع و نقصان کی بنیاد پرعوام کو سرمایہ کاری کے لئے راغب کیا۔مذکورہ بالا ہاؤسنگ سوسائٹی اور دوسرے کمرشل پلازیں کی تشہیر اور انتظام رفاہ اور ضہیب ایسویٹ کے نام سے کیا جا رہا ہے۔

ملزمان نے کئی سال گزرنے کے بعدبھی نہ ہی رہائشی پلاٹس، مکانات، دوکانیں، اور کمرشل پلازہ الاٹ کئے بلکہ معصوم عوام کو ان کی محنت کی کمائی سے بھی محروم کیا۔ یہاں یہ با ت قابل ذکر ہے کہ اسی نوعیت کی ایک دوسری انکوائری شیخ یاسین ٹاؤن ،پشاور بھی انہی ملزمان کے خلاف جاری ہے۔ متاثرینِ کو اطلاع دی جا تی ہے کہ اپنی شکایات دفتر ڈائریکٹر جنرل ، قومی احتساب بیورو خیبر پختونخوا واقعہ پی ڈی اے کمپلکس، بلاکIII- ، فیز V- حیات آباد پشاور میں دفتری اوقات کے دوران درج کروائیں۔