273

شمالی وزیر ستان کی تحصیل میر علی میں پاکستان سویٹ ہوم قائم 

اسلام آباد۔ شمالی وزیر ستان ایجنسی کی تحصیل میر علی میں پاکستان سویٹ ہوم قائم کر دیا ہے ،سویٹ ہوم میں ابتدائی طور پر 100بچوں کی تعلیم و تربیت اور پرورش کی جائے گی ،کور کمانڈر پشاؤر لیفٹیننٹ جنرل نذیر احمد بٹ سمیت پاک فوج کے اعلیٰ افسران اور پاکستان سویٹ ہومز کے سرپرست علیٰ زمرد خان نے سویٹ ہومز کا افتتاح کیا ا س موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کور کمانڈر پشاؤر جنرل نذیر احمد بٹ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی مدد سے پاک فوج اور پاکستان سویٹ ہوم نے مل کرآج گولڈن ایرو پاکستان سویٹ ہوم شمالی وزیرستان ایجنسی کی تحصیل میر علی میں قائم کر دیا ہے جس میں 100یتیم بچوں کی تعلیم وتربیت اور پرورش کی جائے گی اور اس سنٹر میں مزید 100یتیم بچوں کا اضافہ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایک ہزار یتیم بچوں کے لیے پشاور میں پاکستان سویٹ ہوم جلد شروع کیا جائے گا اس کے علاوہ فاٹا اور قبائلی علاقہ جات میں پاکستان سویٹ ہوم کے مراکز قائم کیے جائیں گے انھوں نے کہا کہ پاکستان سویٹ ہومز کے چیرمین زمرد خان جس مشن کو لے کر چل رہے ہیں وہ اعزاز کی بات ہے اللہ تعالیٰ زمرد خان کو مزید ہمت اور حوصلہ دے کہ وہ پاکستان کے تمام یتیم بچوں وبچیوں کی پرورش کر سکیں ان کا مزید کہنا تھا کہ آج میر علی شمالی وزیرستان میں گولڈن ایرو پاکستان سویٹ ہوم کا افتتاح کرتے ہوئے جو دلی خوشی محسوس ہو رہی ہے وہ لفظوں میں بیان نہیں کی جاسکتی انہوں نے زمرد خان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہاکہ انہوں نے یتیم بچوں کے لئے اپنی زندگی وقف کر دی ہے ۔

اللہ تعالیٰ انھیں اس مشن میں مزید کامیابی دے اور ا سی طرح پاکستان کا نام روشن کیے رکھیں اورانکے اس مشن کو مزید آگے بڑھانے کے لیے پاک فوج کی طرف سے جو ممکن تعاون ہوسکا کریں گے اس موقع پر موجود زمرد خان نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں پاک فوج کا شکریہ ادا کرتا ہو ں کہ جنہوں نے میرے اس مشن کو آگے بڑھانے کے لئے میرا ساتھ دیا اور آج میں فخر محسوس کر رہا ہوں کہ پاکستان سویٹ ہوم کے سنٹرز میں ایک او رخوبصورت سنٹر کا اضافہ ہوا ہے اور انشاء اللہ میری یہ کوشش ہوگی کہ میں مزید پاکستا ن سویٹ ہوم کے سنٹر ز میں اضافہ کرسکوں اور مجھے امید ہے اللہ تعالیٰ میرے اس کام کو پایاتکمیل تک پہنچائے گا۔۔اعجاز خان