109

حکومت کو مستعفی ہونے کیلئے31دسمبر کی مہلت


لاہور ۔ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ 31دسمبر تک نواز شریف، شہباز شریف کی سیاسی ٹیم مستعفی ہو، اس بار ہمارا وار بے نتیجہ نہیں جائے گا، آپ کی مرضی کے ریفرنس کے ساتھ میچ نہیں ہونے دیں گے۔

نواز شریف نے عدلیہ کے خلاف ہرزہ سرائی کر کے بغاوت کی، دسمبر کے آخر تک وقت دے رہا ہوں، ہمیں انصاف دیں، یہ لوگ ملک میں بغاوت کا ماحول پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔منگل کو تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے عدلیہ کو تنقید کا نشانہ بنایا، نواز شریف نے عدلیہ پر الزام تراشی کی، نواز شریف نے عدلیہ پر ہرزہ سرائی کر کے آئینی بغاوت کی۔

نواز شریف نے عدلیہ کو انصاف کا خون کرنے والا قرار دیا، نواز شریف عدلیہ کی حرمت کا خون کرنے پر اتر آئے، نواز شریف بغاوت کا ماحول پیدا کررہے ہیں، نواز شریف پریشان ہیں ان کی خواہش کے مطابق فیصلے نہیں ہورہے، ماڈل ٹاؤن میں 14بے گناہوں کی لاشیں گرائی گئیں، حکمرانوں نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کو غیر سنجیدہ لے رکھا ہے، آج ایک ٹائم فریم دے کر اٹھوں گا، سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف میں غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کریں گے۔

سیکرٹری داخلہ اور محکمہ پولیس وزیراعلیٰ کے ماتحت ہے، کیا وزیر قانون پنجاب وزیراعلیٰ کے دائرہ اختیار سے باہر ہے؟ کیا افسران اور شہباز شریف کے درمیان رابطہ نہیں تھا؟ انہوں نے کہا کہ یہ تجاوزات ہٹانے کا نہیں، لاشیں گرانے کا آپریشن تھا، شہباز شریف کہتے ہیں کہ ان کو خبر ہی نہیں تھی، سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ داران 31دسمبر تک عہدے چھوڑ دیں، وزیراعلیٰ ،وزیرقانون رانا ثناء اللہ استعفیٰ دیں، ہم غیر جانبدار بینچ چاہتے ہیں جو قانون اور آئین کی سنے، آپ کی مرضی کے ریفری کے ساتھ میچ نہیں ہونے دیں گے۔