796

وزیر اعلیٰ نے کالجز میں بی ایس پروگرام کا افتتاح کر دیا 

پشاور۔ خیبر پختونخوا کے محکمہ اعلی تعلیم نے صوبے کے کالجز میں بی ایس پروگرام کا اجرا کر دیاہے۔وزیراعلی خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے بی ایس پروگرام کا افتتاح کیا۔1.5بلین روپے کی لاگت سے شروع کیے گئے تعلیمی پروگرام میں کالجوں کی سطح پر تحقیق کے مواقع، لیبارٹریزاور سکالر شپس کی سہولت میسر ہوگی۔ پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مشتاق احمد غنی نے کہاہے کہ تعلیم کے شعبے میں خیبر پختونخوا حکومت کے ا قدامات پورے ملک میں نمونے کے طور پر پیش کئے جارہے ہیں۔

صوبے میں شعبہ تعلیم کی بہتری کے لیے بھرپور کام کیا گیا ہے،تعلیم کے نظام میں اصلاحات پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور وزیراعلیٰ پرویز خٹک کا وژن ہے، پچھلے دور حکومت میں تعلیمی اداروں میں بھرتیاں ایزی لوڈ کی بنیاد پر کرائی جاتی تھیں جس سے نظام تعلیم کا بیڑہ غرق ہوگیا انکا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کا محکمہ اعلیٰ تعلیم کرپشن فری محکمہ ہے،داخلوں میں شفافیت کو قائم رکھنے کے لیے پہلی بار آئن لائن طریقہ کار رائج کیا گیا جس کے ذریعے طالبعلموں نے بنا ء کسی دقت کے کالجوں میں داخلے حاصل کئے۔ 

صوبائی حکومت نے یونیورسٹیوں میں وائس چانسلرز کی تعیناتیوں، اقرباء پروری اور کرپشن سے بچانے کیلئے ماہرین پر مشتمل اکیڈیمک ریسرچ کمیٹی بنائی ہے تاکہ صاف شفاف اور موزوں سربراہان یونیورسٹیز کی تقرریاں یقینی بنائی جاسکیں۔ انہوں نے پچھلی حکومتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ یونیورسٹیوں میں اساتذہ سمیت دیگر سٹاف کو ایزی لوڈ کی بنیاد پر بھرتی کروایاگیا جنکی بدولت مردان کی عبدالولی خان یونیورسٹی میں بدحالی کی مثال سامنے آئی۔

مشتاق غنی نے کہا کہ صوبائی حکومت کے احسن اقدامات کی بدولت بی ایس پروگرام جیسے مشکل نظام تعلیم کا آغاز ممکن ہوسکا تاکہ بین الاقوامی معیار کی تعلیم نوجوانوں کو مہیا کی جاسکے،ہم نے پنجاب کے متعلقہ وزیر کو بھی اس ضمن میں تعاون کی دعوت دی ہے کیونکہ پنجاب میں چند کالجز میں بی ایس شروع کرنے کے بعد سلسلہ روک دیا گیا۔