279

شریفاں بی بی کیس ٗ مرکزی ملزم کی گرفتاری کیلئے ڈیڈلائن

پشاور۔پشاورہائی کورٹ کے چیف جسٹس یحیی آفریدی اورجسٹس ایوب خان پرمشتمل دورکنی بنچ نے ڈیرہ اسماعیل خان میں بااثرملزموں کے ہاتھوں سرعام برہنہ ہونے والی جواں سال دوشیزہ اوراس کے خاندان کو تحفظ کی فراہمی اورواقعہ کی وڈیوبنانے والے کو ملزم نامزد کرنے کیلئے دائررٹ پرمرکزی ملزم سجاول کی گرفتاری کے لئے پولیس کو تین ہفتوں کی ڈیڈلائن دے دی ہے اورعدم گرفتاری کی صورت میں ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرزکو اگلی پیشی پرپیش ہونے کے احکامات جاری کردئیے ہیں۔

فاضل بنچ نے جمعرات کے روز شریفاں بی بی کیس کی سماعت شروع کی تو اس موقع پر ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل قیصرعلی شاہ اور سی پی او کے ایس پی فلک نیاز عدالت میں پیش ہوئے اس موقع پر پولیس کی جانب سے پراگرس رپورٹ پیش کی گئی اوربتایاگیاکہ ملزم کی گرفتاری کے لئے تین خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اورپانچ ایسے سہولت کاروں کے خلاف ایف آئی آربھی درج کی گئی ہے۔

جنہوں نے ملزموں کو پناہ دے رکھی تھی فاضل بنچ نے پولیس کو تین ہفتوں میں مرکزی ملزم سجاول کی گرفتاری کے احکامات جاری کئے اورعدم گرفتاری کی صورت میں ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرزکوعدالت طلب کرلیا واضح رہے کہ سینئرقانون داں قاضی محمد انورایڈوکیٹ کی جانب سے ڈیرہ اسماعیل خان کی رہائشی شریفاں بی بی نے اپنی والدہ خورشیدبی بی کے توسط سے درخواست دائرکی ہے جس میں عدالت عالیہ سے استدعا کی گئی ہے کہ وقوعہ کے ایف آئی آرمیں واقعہ کی وڈیوبنانے کے حوالے سے دفعات شامل کی جائیں اورفلم بنانے والے رحمت اللہ کوبھی ملزم نامزد کیاجائے رٹ میں مزید استدعا کی گئی ہے کہ خیبرپختونخواحکومت اورآئی جی پی کو احکامات جاری کئے جائیں کہ شریفاں بی بی اوراس کے خاندان کو تحفظ فراہم کیاجائے ۔

کیونکہ ملزموں کی جانب سے ان کو دھمکیاں مل رہی ہیں اوران کی جان کوخطرہ ہے رٹ میں مزید کہاگیاہے کہ آئی جی پی اورڈی آئی جی ڈیرہ اسماعیل خان رینج کو ہدایت کی جائے کہ کیس کے تفتیش کی ہفتہ وار پراگرس رپورٹ عدالت عالیہ میں داخل کی جائے تاکہ عدالت اس بات پرمطمئن ہو کہ درخواست گذار کو انصاف کی فراہمی ہورہی ہے واضح رہے کہ عدالت عالیہ کے احکامات پرڈیرہ پولیس نے وڈیوبنانے والے ملزم کو ملزم نامزد کرکے اس کی گرفتاری بھی عمل میں لائی گئی تاہم مرکزی ملزم سجاول تاحال روپوش ہے جس کی گرفتاری کے لئے عدالت عالیہ نے پولیس کو تین ہفتوں کی ڈیڈلائن دے دی اورسماعت اگلی پیشی تک ملتوی کردی ۔