370

سکول چوکیداروں سے آٹھ گھنٹے ڈیوٹی لینے کا حکم

پشاور۔پشاورہائی کورٹ کے چیف جسٹس یحیی آفریدی اورجسٹس ایوب خان پرمشتمل دورکنی بنچ نے سرکاری سکولوں میں تعینات چوکیداروں سے صرف آٹھ گھنٹے کی ڈیوٹی لینے کے احکامات جاری کئے ہیں عدالت عالیہ کے فاضل بنچ نے یہ احکامات درخواست گذار سلطان علی کی توہین عدالت کی درخواست پرجاری کئے اس موقع پر عدالت کو بتایا گیا کہ درخواست گذار سرکاری سکول میں چوکیدار تعینات ہے۔

عدالت عالیہ نے آٹھ گھنٹے ڈیوٹی دینے کے احکامات جاری کئے تھے اس کے باوجود کہ جب سکول کے چوکیدار رات کی ڈیوٹی دے کر صبح گھرچلے جاتے ہیں تو انڈیپنڈنٹ مانیٹرنگ یونٹ دن کے وقت معائنہ کرنے پرانہیں غیرحاضر کردیتے ہیں جبکہ متعلقہ حکام نے اس حوالے سے ہدایات بھی جاری کی ہیں کہ رات کے وقت ڈیوٹی دینے والے دن کے وقت ڈیوٹی نہیں کریں گے اس کے باوجود عدالتی احکامات پرعملدرآمد نہیں کیاجارہا ہے۔

لہذامتعلقہ حکام کو ان سے آٹھ گھنٹے کی ڈیوٹی لینے کاپابند بنایاجائے عدالت عالیہ نے اس موقع پراحکامات جاری کئے کہ سرکاری سکولوں میں چوکیدارآٹھ گھنٹے ڈیوٹی دیں گے اوراس سے زائد ڈیوٹی نہیں لی جائے گی جبکہ آٹھ گھنٹے ڈیوٹی نہ دینے والے چوکیداروں کے خلاف بھی کاروائی کی جائے گی ۔